بھارتی انتخابات بی جے پی کو 5ریاستوں میں برتری :ایگزٹ پولز
نئی دہلی(اے ایف پی)بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)اہم ریاستی انتخابات میں ممکنہ طور پر کامیابی حاصل کرنے کی پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہے ، ایگزٹ پولز کے مطابق حتمی نتائج 4 مئی کو آنے ہیں۔
اپریل میں پانچ ریاستوں اور علاقوں میں انتخابات ہوئے ، جن میں اہم حزب اختلاف والی ریاستیں مغربی بنگال اور تمل ناڑو بھی شامل ہیں۔ آسام، چھوٹے ساحلی علاقے پڈوچری اور کیرالہ میں بھی انتخابات ہوئے - تمام نظریں مغربی بنگال پر ہوں گی، جہاں بی جے پی نے ریاست کی سربراہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے جارحانہ مہم چلائی۔ ایگزٹ پولز کے مطابق بی جے پی کو ٹی ایم سی پر معمولی برتری ہے ، اور اگر یہ کامیاب ہو گئی تو پہلی بار اس ریاست پر بی جے پی کا کنٹرول ہوگا۔بنرجی کی پارٹی نے پچھلے 2021 کے انتخابات میں 294 میں سے 213 نشستیں جیتی تھیں۔سیاسی کارکن یوگندر یادو نے کہا کہ منصفانہ انتخابات میں ٹی ایم سی ہار نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جیت کا واحد راستہ دھاندلی ہے ، چاہے وہ ووٹر لسٹ میں تبدیلی ہو یا ووٹ گنتی میں فراڈ۔شمال مشرقی ریاست آسام اور جنوبی پڈوچری میں بی جے پی کی قیادت میں اتحاد کے دوبارہ منتخب ہونے کی توقع ہے ۔ ایگزٹ پولز کے مطابق جنوبی ریاست تمل ناڑومیں حکمران دراوڑا منیترا کڑگم (ڈی ایم کے )بی جے پی کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کے زیر قیادت اقتدار برقرار رکھے گی۔ کیرالہ میں کانگریس کی قیادت میں اتحاد کے اس بار جیتنے کی توقع ہے ۔