ایران جنگ میں کم از کم 16 امریکی فوجی اڈوں کو نقصان پہنچا

ایران جنگ میں کم از کم 16 امریکی  فوجی اڈوں کو نقصان پہنچا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ٹی وی سی این این کی ایک تحقیق کے مطابق ایران اور اس کے اتحادیوں نے مشرقِ وسطیٰ کے آٹھ ممالک میں کم از کم 16 امریکی فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا ہے۔۔۔

 جس کے نتیجے میں کچھ اڈے تقریباً ناقابلِ استعمال ہو گئے ہیں۔یہ رپورٹ درجنوں سیٹلائٹ تصاویر اور امریکا اور خلیجی عرب ممالک میں موجود ذرائع کے انٹرویوز پر مبنی ہے ۔ ایک کانگریسی معاون کے مطابق یہ نقصان خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کی اکثریت کو متاثر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا یہاں مختلف سطح کے اندازے ہیں،کچھ کے مطابق پورا اڈا تباہ ہو چکا ہے اور اسے بند کرنا پڑے گا، جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ یہ تنصیبات اپنی سٹرٹیجک اہمیت کے باعث مرمت کے قابل ہیں۔ایک اور امریکی ذریعے نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:میں نے اس سے پہلے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا۔سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق تہران کے اہم اہداف میں جدید ریڈار سسٹمز، مواصلاتی نظام اور جنگی طیارے شامل تھے ۔ یہ تمام آلات نہ صرف مہنگے ہیں بلکہ انہیں تبدیل کرنا بھی مشکل ہوتا ہے ۔کانگریسی معاون نے کہا:یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ انہوں نے خاص طور پر ان تنصیبات کو نشانہ بنایا جو امریکا کیلئے سب سے زیادہ مؤثر اور کم دستیاب وسائل ہیں۔ ہمارے ریڈار سسٹمز خطے میں سب سے مہنگے اور محدود وسائل میں سے ہیں۔امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کرنے والے خلیجی ممالک نے ایران کے حملوں کا زیادہ بوجھ اٹھایا ہے اور نجی طور پر واشنگٹن پر تنقید کی ہے کہ اس نے جنگ شروع کرنے سے پہلے ان سے مشاورت نہیں کی۔ایک سعودی ذریعے نے ٹی وی کو بتایاکہ اس جنگ نے ہمیں یہ دکھایا ہے کہ امریکاکے ساتھ اتحاد نہ تو مکمل طور پر محفوظ ہے اور نہ ہی ناقابلِ شکست۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں