امریکی جہازوں پر حملہ کیا توایران دنیا کے نقشے سے ختم:ٹرمپ

 امریکی جہازوں پر حملہ کیا توایران دنیا کے نقشے سے ختم:ٹرمپ

اعلیٰ معیار کے ہتھیار، گولہ بارود،ساز و سامان موجود ،ضرورت پڑی تو استعمال کرینگے خطے میں امریکا کی فوجی تیاری جاری، ایران نے مذاکرات میں کافی لچک دکھائی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے پروجیکٹ فریڈم کے تحت کام میں مصروف امریکی بحری جہازوں پر حملے کئے تو اسے دنیا کے نقشے سےمٹادیں گے ، امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے مذاکرات میں کافی لچک کا مظاہرہ کیا ہے ، خطے میں امریکا کی فوجی تیاری جاری ہے ،ہمارے پاس اعلیٰ معیار کے ہتھیار، گولہ بارود اور ساز و سامان موجود ہے ،ہمارے دنیا بھر میں اڈے ہیں، وہ سب ساز و سامان سے لیس ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم اس تمام سامان کو استعمال کرسکتے ہیں، ضرورت پڑی تو ضرور کریں گے ، دریں اثنا امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر امریکا کی کامیابی اور ایران کی تباہی کی ایک تصویر شیئر کی ہے ، ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر کو ختم کردیا، امریکا کے صدر فعال ہیں،امریکا کی نیوی، ایئرفورس اور میزائل ڈیفنس سو فیصد فعال ہیں،ایران کی نیوی، ایئرفورس اور ایئر ڈیفنس کو مکمل تباہ کردیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ جنگیں پسند نہیں ہیں، میں ایران کے ساتھ جنگ کی حمایت نہیں کرتا، ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے چینی صدر سے ملاقات کا انتظار ہے ، چین کا دورہ بہت اہم ہو گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں