امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والی اہم وجہ دریافت
لاہور(نیٹ نیوز)دنیا بھر میں زیادہ اموات امراض قلب کے نتیجے میں ہوتی ہیں۔ اب دریافت ہوا ہے کہ ایک عام غذائی عادت بھی اس حوالے سے اہم ہوتی ہیں۔ درحقیقت پروٹین کا زیادہ استعمال امراض قلب کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھا دیتا ہے ۔یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔پروٹین کا استعمال کھانے کی اشتہا کم کرنے سے لے کر مسلز بنانے تک کے لیے اہم ہوتا ہے ۔
پروٹین میں متعدد امینو ایسڈز موجود ہوتے ہیں جو کہ مسلز کی نشوونما اور میٹابولک افعال کے لیے ضروری ہوتے ہیں، تاہم تمام امینو ایسڈز مفید نہیں ہوتے ۔ جرنل نیچر میٹابولزم میں شائع تحقیق میں دریافت ہوا کہ پروٹین میں موجود ایک مخصوص امینو ایسڈ leucine ممکنہ طور پر امراض قلب کا خطرہ بڑھاتا ہے ۔ جسم میں اس امینو ایسڈ کی زیادہ مقدار سے ایسا حیاتیاتی عمل متحرک ہوتا ہے جو شریانوں میں چربیلے مواد اور کولیسٹرول کا باعث بنتا ہے ۔