غزہ :اسرائیلی حملہ،سینئر حماس مذاکرات کار کا بیٹا عزام خلیل شہید

غزہ :اسرائیلی حملہ،سینئر حماس مذاکرات کار کا بیٹا عزام خلیل شہید

اسرائیل لبنان امن مذاکرات کا تیسرا دور 14،15 مئی کو واشنگٹن میں ہو گا اسرائیل کا راہبہ پر حملے کے الزام میں اسرائیلی آبادکار کیخلاف مقدمے کا اعلان

غزہ،واشنگٹن،بیروت (اے ایف پی)حماس نے کہا ہے کہ تنظیم کے اعلیٰ مذاکرات کارخلیل الحیہ کا 23سالہ بیٹا اسرائیلی حملے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا ۔ حماس نے واقعہ کو اسرائیل کی جانب سے دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے ۔ امریکا کی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کا نیا دور 14 اور 15 مئی کو واشنگٹن میں ہوگا،دونوں ممالک کے درمیان یہ تیسرا براہ راست رابطہ ہوگا جو کئی دہائیوں بعد ممکن ہوا ہے ۔ مذاکرات کا مقصد خطے میں سکیورٹی معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے ۔اسرائیلی حکام نے فرانسیسی کیتھولک راہبہ پر حملے کے الزام میں ایک اسرائیلی آبادکار کے خلاف مقدمہ چلانے کا اعلان کر دیا۔ وزارتِ انصاف کے مطابق ملزم یونا سماچا پر مذہبی منافرت کی بنیاد پر تشدد کا الزام عائد کیا گیا ہے ،ملزم نے چند روز قبل 48 سالہ فرانسیسی راہبہ کو دھکا دے کر زمین پر گرا دیا اور بعد میں لات بھی ماری۔ سپین نے غزہ جانے والے امدادی فلوٹیلا کے ہسپانوی کارکن کی گرفتاری پر اسرائیل کے سفارتی نمائندے کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ ہسپانوی وزیر خارجہ نے اسرائیلی اقدام کو ناقابل قبول اور ناقابل برداشت قرار دیا۔ فلسطینی نژاد ہسپانوی شہری سیف ابو کشیک اور برازیلی کارکن تھیاغو اویلا کو اسرائیلی فورسز نے گزشتہ ہفتے حراست میں لیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں