ناروے :چینی خاتون سیٹلائٹ جاسوسی کے شبے میں گرفتار
اوسلو(اے ایف پی)ناروے کی داخلی سکیورٹی ایجنسی پی ایس ٹی نے ایک چینی خاتون کو سیٹلائٹ ڈیٹا کی مبینہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے ۔
حکام کے مطابق دو مقامات پر چھاپے مارے گئے جن میں آرکٹک سرکل کے جزیرے اینڈویا کا ایک حساس علاقہ بھی شامل ہے جہاں راکٹ لانچ اور عسکری آزمائش کی سہولیات موجود ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مقامی کمپنی کو مبینہ طور پر پردے کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا تاکہ قطبی مدار میں موجود سیٹلائٹس سے ڈیٹا حاصل کیا جا سکے ۔ حکام کے مطابق یہ معلومات قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی تھیں۔ تحقیقات میں دیگر افراد کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ایک ڈیٹا وصول کرنے والا آلہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے ۔