پاکستانی کوششوں کے نتیجے میں سنگاپور میں پھنسے 20 ایرانی ملاح وطن واپس پہنچ گئے :ایرانی سفیر
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے 20 ایرانی ملاحوں کی رہائی کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم انسانی اقدام قرار دیا ہے ۔
ایرانی سفیر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاح سنگاپور کی حدود میں اپنے جہاز کی ضبطی کے باعث ایک مشکل صورتحال سے دوچار تھے ۔انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘میں حکومتِ پاکستان کی انسان دوست اور خیرسگالی پر مبنی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جن کے نتیجے میں ان ملاحوں کی رہائی ممکن ہوئی۔’ایرانی سفیر نے خاص طور پر وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزارتِ خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششوں کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔بیان کے مطابق سفارتی رابطوں اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں ان ملاحوں کو سنگاپور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، جس کے بعد وہ چند گھنٹوں قبل بحفاظت اپنے وطن ایران واپس پہنچ گئے ۔ایرانی سفیر نے اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کی ایک مثال قرار دیا ہے ۔