روس کے یوکرین پرحملے جاری ،مزید8 افراد ہلاک
دنیپروپیٹرووسک، سلوویانسک،خیرسون میں ڈرون حملے ،گولہ باری جی 7 رہنماؤں اور زیلنسکی کی ملاقات ،روس پر مزید پابندیوں پراتفاق
کیف (اے ایف پی)یوکرینی حکام کے مطابق منگل کے روز روسی حملوں میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ گزشتہ روز ہی جی سیون رہنماؤں نے ماسکو پر دباؤ مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔روس نے 2022 میں یوکرین پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد سے اب تک لاکھوں شہری اور فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ملک کا بڑا حصہ جنگ کی تباہ کاریوں کا شکار ہے ۔فرانس کے شہر ایویان میں جی سیون رہنماؤں اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ملاقات کے دوران روس پر پابندیاں مزید سخت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔یوکرینی حکام کے مطابق گزشتہ روز وسطی علاقے دنیپروپیٹرووسک میں ایک گاڑی پر روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوئے ، جن میں ایک 87 سالہ خاتون اور اس کا 51 سالہ بیٹا شامل ہیں، جبکہ تیسری ہلاکت کی شناخت جاری ہے ۔ڈونیٹسک کے شہر سلوویانسک پر روسی گولہ باری سے مزید3 افراد ہلاک ہوئے ، جبکہ جنوبی علاقے خیرسون میں ڈرون حملوں میں2 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد کہا کہ روس کو جنگ ختم کرنے کے لئے معاہدہ کرنا چاہئے ۔