وینزویلا :زلزلوں سے تباہی،188ہلاک،1600زخمی

وینزویلا :زلزلوں سے تباہی،188ہلاک،1600زخمی

250 عمارتیں منہدم،200 سے زائد افراد ملبے تلے پھنس گئے ،157 لاپتا کئی علاقوں میں خوراک، پانی ، ادویات کی قلت ،بعض علاقوں میں لوٹ مار ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز ہونے کا نمایا ں امکان ہے :امریکی ادارہ کئی ممالک کی امدادی ٹیمیں روانہ،صدر مملکت اور وزیر اعظم کا اظہار افسوس

کراکس،لا گوئیرا (اے ایف پی،رائٹرز) وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگیز نے بتایا ہے کہ بدھ کو آنے والے طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 188 ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ1600سے زائد افراد زخمی جبکہ 157 لاپتا ہیں۔تقریباً 250 عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر منہدم ہو چکی ہیں ، 200 سے زائد افراد اب بھی ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس تباہی سے تقریباً 3 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق شمالی وینزویلا میں ایک منٹ کے وقفے سے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو زلزلے آئے ،جمعرات کو بھی شدید آفٹر شاکس محسوس کیے گئے ۔زلزلے کے جھٹکے کولمبیا اور برازیل تک محسوس کیے گئے ۔امریکی جیولوجیکل سروے کے پیشگوئی ماڈل کے مطابق اس آفت میں اموات ہزاروں تک پہنچ سکتی ہیں اور اس بات کا بھی نمایاں امکان ہے کہ یہ تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر جائے ۔ دارالحکومت کراکس کے شمال میں واقع لا گوئیرا شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ شہر میں بجلی معطل ہے ، ڈاکٹر کے مطابق لا گوئیرا کے طبی مراکز پر دباؤ بڑھنے کے باعث زخمیوں کو کراکس منتقل کیا جا رہا ہے ۔

زخمیوں میں چہرے ، سینے اور پیٹ کے زخموں کے علاوہ بازوؤں اور ٹانگوں کی ہڈیاں ٹوٹنے کے متعدد کیسز شامل ہیں۔شدید نقصان کے باعث لا گوئیرا میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈا بند کر دیا گیا ہے ، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں،کئی علاقوں میں خوراک، پانی ، ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے ،ایک مقامی شہری پیڈرو پیریز نے بتایا کہ نہ خوراک ہے نہ ادویات۔ لوگوں نے خوراک اور پانی کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ بعض علاقوں کی دکانوں میں لوٹ مار کے واقعات بھی دیکھے گئے ہیں۔زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ساحلی قصبے مورن میں بھی مکانات گر گئے ، جہاں پانی اور بجلی کی شدید قلت ہے ۔عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے لا گوئیرا کا دورہ کیا، جسے آفت زدہ علاقہ قرار دیا جا چکا ہے ۔ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وینزویلا کی مدد کا اعلان کیا ہے ۔سوئٹزرلینڈ، سپین، فرانس، پرتگال اور میکسیکو سمیت کئی ممالک نے ماہرین اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی ہیں ، چین، بھارت، برازیل اور ایران نے بھی مدد کی پیشکش کی ہے ۔

پوپ لیو نے ابتدائی طور پر ایک لاکھ یورو امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا کی جانب سے امدادی کارروائی کی جا رہی ہے اور امریکی فوج لاجسٹک معاونت میں اہم کردار ادا کرے گی۔ امریکا نے 15کروڑ ڈالر ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے ۔صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے وینزویلا میں زلزلے سے تباہی پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ وینزویلا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وینزویلا کی حکومت، عوام اور متاثرین کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔دوسری جانب جاپان کے شمال میں 6اعشاریہ9 شدت کے طاقتور زلزلے کے بعد حکام نے کہا ہے کہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں