تجارتی جنگوں میں کسی کی فتح نہیں ہوتی:چینی وزیر اعظم
چین کبھی بھی تجارتی سرپلس کو دانستہ طور پر اپنا ہدف نہیں بناتا:لی چیانگ چینی حکومت دنیا بھر کی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی:خطاب
بیجنگ(این این آئی )چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ تجارتی جنگوں میں کسی کی فتح نہیں ہوتی، چین کبھی بھی تجارتی سرپلس کو دانستہ طور پر اپنا ہدف نہیں بناتا۔ لی چیانگ نے دالیان میں منعقدہ 2026 سمر ڈیووس فورم کے موقع پر مختلف ممالک کے کاروباری اور صنعتی نمائندوں کے ساتھ ایک مذاکرے میں شرکت کی۔اجلاس میں شریک کاروباری شخصیات کے خیالات سننے کے بعد لی چیانگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں عالمی برادری اس حقیقت کو زیادہ بہتر انداز میں سمجھنے لگی ہے کہ تجارتی جنگوں اور ٹیرف کی جنگ میں کسی کی فتح نہیں ہوتی، زیادہ سے زیادہ ممالک باہمی مفاد اور مشترکہ کامیابی پر مبنی تجارتی تعاون کی جانب واپس آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کی برآمد کردہ معیاری مصنوعات عالمی معیشت کے لیے ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں جو درآمد کرنے والے ممالک کی اقتصادی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کی فلاح میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔چینی وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چینی حکومت دنیا بھر کی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور زیادہ کھلا، منصفانہ اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔اس مذاکرے میں 30 سے زائد ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 150 کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔