ترکیہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات لانے میں پاکستان کی مدد کرے گا : 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ترکیہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات لانے میں پاکستان کی مدد کرے گا : 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

وفاقی وزیر اویس لغاری،مشیر نجکاری محمد علی کی استنبول میں توانائی اجلاس میں شرکت،ریگولیٹری مہارت، گورننس اور نجکاری کے بہترین طریقوں کے تبادلے پر اتفاق پاورڈویژن کا ترکیہ میں روڈ شو، آئیسکو، گیپکو ،فیسکو سمیت ڈسکوز کی نجکاری، پاور ٹرانسمیشن سسٹم ،سمارٹ میٹر رول آؤٹ پروگرام میں سرمایہ کاری کیلئے مواقع متعارف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نامہ نگار) پاکستان اور ترکیہ نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ، ترکیہ پاکستان میں اصلاحات کیلئے مدد کرے گا، استنبول میں توانائی سے متعلق اجلاس میں وزیر توانائی اویس لغاری اور مشیر نجکاری محمد علی نے شرکت کی۔پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کیلئے 3مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ترکیہ توانائی کے شعبے کی اصلاحات میں تکنیکی معاونت اور نجکاری و بجلی کی تقسیم کے شعبے میں اپنے تجربات شیئر کرے گا۔ دونوں ممالک نے ریگولیٹری مہارت، گورننس اور نجکاری کے بہترین طریقوں کے تبادلے پر اتفاق کیا، پاکستان کے پاور سیکٹر کی مالی پائیداری اور کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایم او یوز میں  نجکاری کے بعد گورننس فریم ورک، بجلی کی مارکیٹ کی ترقی اور معاون خدمات کے ضوابط ، پاور سسٹم آپریشنز اور ٹرانسمیشن منصوبہ بندی، بجلی کی تقسیم کے شعبے کے انتظام اور ڈیجیٹلائزیشن پر تعاون کیا جائے گا۔ اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے بجلی مارکیٹ اصلاحات کے تجربات سے استفادہ کرے گا۔ ادھر پاور ڈویژن نے استنبول میں روڈ شو منعقد کیا جس میں پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے انقلابی مواقع کا پورٹ فولیو پیش کیا گیا جس میں ڈسکوز کی نجکاری، پاور ٹرانسمیشن سسٹم اور سمارٹ میٹر رول آؤٹ پروگرام شامل ہیں۔ آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی نجکاری کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیش کیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں