نوجوانوں میں زیادہ تیزی سے کینسر کا خطرہ بڑھ رہا
لاہور(نیٹ نیوز)نئی تحقیق کے مطابق موجودہ بالغ نوجوان اپنے سے پچھلی نسلوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے عمر رسیدہ ہو رہے ہیں۔
جس کے باعث ان میں کینسر کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے ۔اس سال کے آغاز میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ 20 سے 49 سال کی عمر کے بالغ افراد میں 11 اقسام کے کینسر کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے ، جن میں چھاتی، آنتوں اور لبلبے کا کینسر شامل ہے ۔ برطانیہ اور امریکا کے تقریباً ایک لاکھ 64 ہزار بالغ افراد کے خون کے نمونوں کے تجزیے میں محققین نے 30 اور 40 سال کی عمر کے لوگوں میں تیز رفتار حیاتیاتی عمر رسیدگی کے شواہد دریافت کیے ۔ 1965 سے 1974 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد میں ان لوگوں کے مقابلے میں جو دو دہائیاں پہلے پیدا ہوئے تھے ، خلیاتی سطح پر زیادہ تیزی سے عمر بڑھنے کے آثار پائے گئے ۔