مریم نواز کے حکم پر جلوس و مجالس کی سکیورٹی سخت، جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی

مریم نواز کے حکم پر جلوس و مجالس کی سکیورٹی سخت، جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی

سوا لاکھ سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ، امام بارگاہیں پہلی بار کیو آر کوڈ سسٹم سے منسلک ،طبی سہولتیں، سبیلیں، پانی کا چھڑکاؤ ڈی ڈی ایل پروگرام کی منظوری ،3نئے ہسپتالوں کا جلد افتتاح ،پنجاب میں بہترین انسانی وسائل لانا میرا مشن :وزیراعلیٰ

لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے حکم پر پنجاب بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کیلئے سکیورٹی سخت کردی گئی اور پہلی بار جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے نگرانی کی جا رہی ہے ، جبکہ تمام 4ہزار 836 امام بارگاہوں کو کیو آر کوڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے ۔ عزاداروں کیلئے پانی کے چھڑکاؤ، سبیلوں، کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال، ریسکیو 1122 اور صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔صوبے بھر میں تھری ٹیئر سکیورٹی پلان نافذ ہے اورسکیورٹی ڈیوٹی کیلئے ایک لاکھ 25 ہزار 641 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں بھی طلب کی گئی ہیں، امن و امان کے قیام میں 30 ہزار 445 تربیت یافتہ رضاکار معاونت کر رہے ہیں۔ جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے ، باڈی کیمز، ڈرونز اور لائیو مانیٹرنگ کا نظام فعال ہے جبکہ نیا انتظامی و سکیورٹی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے ، جس کے تحت کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ساتھ’’کیئر اینڈ پروٹیکشن‘‘پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔

نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کے تدارک کیلئے سائبر پٹرولنگ یونٹ بھی ہائی الرٹ ہے ۔ نیٹ ورک بندش کے باوجود رابطے اور کوآرڈینیشن کو برقرار رکھنے کیلئے پنجاب حکومت نے اپنا ایل ٹی ای نیٹ ورک بھی فعال کر دیا ہے ۔ صوبے میں دفعہ 144 نافذ ہے ، اسلحہ کی نمائش، اشتعال انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور غیر مجاز جلوسوں پر پابندی برقرار ہے ۔ اشتعال انگیز گفتگو اور امن و امان کے خدشات کے پیش نظر 794 علما کی زبان بندی اور 1418 افراد کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ۔ 9 اور 10 محرم کو صوبہ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کی منظوری دے دی ۔

خصوصی اجلاس میں بتایاگیاکہ نواز شریف انسٹی آف کارڈیالوجی سرگودھا 15 جولائی،نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ 31 جولائی،جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا 15 اگست کوممکنہ طورپر افتتاح کیاجائے گا۔ ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کے تحت بیرون ملک سے آنے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو آٹھ ایڈوانس سرجریز کی اجازت ہوگی اورتعیناتی کیلئے 12 ہسپتال منتخب کئے گئے ۔ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں بہترین انسانی وسائل لانا میرا مشن ہے ،باہر سے آنے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور نرسزکو بہترین پیکیج دیا جائے گا،نرسنگ کیئر ہر چیز بدل دیتی ہے ، نوازشریف کینسر ہسپتال میں بہترین ٹرینڈ ڈاکٹر یا نرس کا خیر مقدم کریں گے ۔بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ پنجاب کے 22 ملین مریضوں کا مفت علاج کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا سعودی عرب کے بڑے ہسپتال جیسا لگ رہا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں