بچوں کے حقوق ،194ممالک میں افغانستان آخری نمبر پر

بچوں کے حقوق ،194ممالک میں افغانستان آخری نمبر پر

افغانستان میں بچوں کی فلاح و بہبود،بنیادی حقوق کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھ گئے صحت سہولیات، تعلیم کے مواقع، تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی میں مشکلات:ماہرین

کابل (اے پی پی)بچوں کے حقوق سے متعلق عالمی درجہ بندی 2026 میں افغانستان 194 ممالک میں آخری نمبر پر آ گیا ہے ، جس سے ملک میں بچوں کی فلاح و بہبود اور بنیادی حقوق کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔شنہوا کے مطابق مقامی میڈیا ادارے ٹولو نیوز کے مطابق بچوں کے حقوق کے عالمی انڈیکس میں افغانستان نے مجموعی طور پر 0.214 پوائنٹس حاصل کیے اور 194 ممالک کی فہرست میں 194ویں مقام پر رہا، جو بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے سب سے کم درجہ بندی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں بچوں کے حقوق کی صورتحال انتہائی چیلنجنگ ہے اور بچوں کی زندگی سے متعلق کئی اہم شعبوں میں نمایاں مشکلات موجود ہیں۔ ان میں صحت کی سہولیات تک رسائی، تعلیم کے مواقع، تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی جیسے بنیادی شعبے شامل ہیں۔سالانہ عالمی انڈیکس مختلف ممالک کا جائزہ بچوں کی صحت، تعلیم، تحفظ اور رہائشی ماحول سمیت متعدد اشاریوں کی بنیاد پر لیتا ہے ۔ اس کا مقصد یہ جانچنا ہوتا ہے کہ ممالک بین الاقوامی معیار کے مطابق بچوں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے تحفظ میں کس حد تک کامیاب ہیں۔ماہرین کے مطابق افغانستان کو درپیش معاشی مشکلات، انسانی بحران، تعلیمی رکاوٹیں اور بنیادی خدمات کی محدود دستیابی بچوں کی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں