امریکی حملے میں تباہ ہونے والی شہید علی خامنہ ای کی رہائش گاہ کی پہلی بار ویڈیو جاری
تہران (این این آئی)ایرانی سرکاری میڈیا نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تہران میں واقع رہائش گاہ اور کمپاؤنڈ کی تباہی کی پہلی ویڈیو جاری کر دی۔
یہ ویڈیو ان کی تدفین کے موقع پر منظرِ عام پر لائی گئی۔یاد رہے کہ رواں سال 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں 86 سالہ علی خامنہ ای شہید ہوئے تھے ۔حملے میں سپریم لیڈر کے خاندان کے متعدد افراد بھی جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ ان کے صاحبزادے اور موجودہ سپریم لیڈر مجتبیٰ علی خامنہ ای بھی زخمی ہوئے تھے ۔ایران کی جانب سے جاری کی گئی 35 سیکنڈز کی ویڈیو میں کمپاؤنڈ کے اندر واقع امام خمینی حسینیہ نامی ہال کو تباہ حال دکھایا گیا ہے ، مناظر میں ملبہ، منہدم ڈھانچے ، ٹیڑھے دھاتی شہتیر اور تباہ شدہ حصے واضح نظر آ رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ یہ ہال اہم ملاقاتوں اور عوامی خطابات کے لیے استعمال ہوتا تھا۔