غزہ :عمارت منہدم، 12 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق
45 افراد زخمی ،عمارت قریبی گھروں ،بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر گری ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل کو اڑھائی ارب ڈالر کا اسلحہ بیچنے کی منظوری دیدی
غزہ ،واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں)غزہ کے علاقے تل الہوا میں اسرائیلی حملوں سے متاثرہ 6 منزلہ عمارت منہدم ہونے سے 12 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق عمارت رات کے وقت قریبی گھروں اور بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر گری۔ عمارت میں 100 سے زائد بے گھر افراد رہائش پذیر تھے ،ملبے تلے دبے تمام 21 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ 45 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیاہے ۔ عمارت کو 2024 اور مارچ 2025 میں متعدد بار نقصان پہنچا تھا ،ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل کو اڑھائی ارب ڈالر کا اسلحہ بیچنے کی منظوری دیدی، ایک ٹن وزنی چالیس ہزار بم بھی ہتھیاروں میں شامل ہوں گے ۔یہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کو فروخت کی جانے والی سب سے بڑی کھیپ میں سے ایک ہے ۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے کسی بھی منصوبے کو مسترد کردیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کے دوران السیسی نے فلسطینی عوام کی بے دخلی یا فلسطینی کاز کے خاتمے کی کوششوں کے خلاف مصر کے موقف کا اعادہ کیا۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں دوبارہ مکمل جنگ شروع کرکے کام مکمل کرے گی اور فلسطینیوں کی منتقلی کا منصوبہ نافذ کیا جائے گا۔اسرائیلی حکام نے مقبوضہ مغربی کنارے سے رپورٹنگ کے بعد واپس آنے والی فلسطینی نژاد امریکی صحافی نقا حامد کو گرفتار کرلیا۔ صحافی کی بہن اور ساتھی کے مطابق نقا حامد کو بیت لحم کے قریب تقوع چیک پوسٹ پر دیگر صحافیوں کے ہمراہ روکا گیا، تاہم باقی صحافیوں کو جانے دیا گیا۔ نقا حامد مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں اور تشدد کی رپورٹنگ کر رہی تھیں۔ ان کی ساتھی صحافی حمادہ منصور نے بتایا کہ حامد ترک سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کیلئے کام کر رہی تھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments