یمن :سعودی فضائی حملے ،27 افراد جاں بحق،36زخمی

یمن :سعودی فضائی حملے ،27 افراد جاں بحق،36زخمی

حوثیوں کا آرامکوتیل تنصیبات، ریاض ایئرپورٹ پر میزائل ،ڈرون حملوں کا دعویٰ سعودیہ میں 6 کارروائیاں کیں ،فوجی اہلکاروں ، تنصیبات کو نشانہ بنایا:حوثی ترجمان

صنعا،ریاض،دمشق(اے ایف پی)یمن کے صوبے صنعا میں سعودی فضائی حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 27 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہو گئے ۔ حوثی میڈیا  کے مطابق حملے الشریعہ کے علاقے میں کیے گئے ، جہاں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے ۔ حوثی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امدادی کارکنوں کو بھی دو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔ سعودی عرب نے ان الزامات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے بعد اب تک 1600 سے زائد افراد ہلاک اور 3 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔ حوثی باغیوں نے سعودی عرب میں تیل تنصیبات، ریاض ایئرپورٹ اور فوجی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔حوثی فوجی ترجمان یحیی سریع نے ایکس پر بتایا کہ گروپ نے 6 کارروائیوں کے دوران سعودی عرب میں آرامکو کی تیل تنصیبات، ریاض ایئرپورٹ اور سرحد کے دونوں جانب سعودی فوجی اہلکاروں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

امریکا نے مشرقِ وسطٰی میں موجود اپنے شہریوں کو خطے کی صورتحال کے سبب زیادہ محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ امریکی حکام کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ حوثی گروہ کی جانب سے مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات اور خطے میں امریکی حکام کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوششوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں جس کے باعث الرٹ دیا جا رہا ہے ۔امریکی حکام نے خبردار کیا کہ فضائی پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفر میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔حکام نے اپنے شہریوں کو میزبان ممالک سے متعلق تازہ ترین سفری انتباہات اور سکیورٹی ہدایات پر نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیوں اور یمن کی حکومت کو مضبوط بنانے کیلئے ہزاروں شامی فوجیوں کی سعودی عرب اور یمن میں تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعدد یمنی حکام کے مطابق سینکڑوں شامی فوجی پہلے ہی سرحد کے دونوں جانب پہنچ چکے ہیں، جبکہ ہزاروں مزید اہلکاروں کی تعیناتی متوقع ہے ۔ یمنی فوجی ذرائع اور وزارت دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حوثی باغیوں کے خلاف مزاحمت اور عدن میں قائم حکومت کی مدد کیلئے کیا جا رہا ہے ۔ سعودی عرب اس مقصد کیلئے عالمی حمایت بھی حاصل کر رہا ہے ۔دوسری جانب شام نے یمن میں سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی مدد کیلئے فوج تعینات کرنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا ہے ۔ شامی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’سانا‘ کے مطابق ایک سفارتی ذریعے نے ہفتے کو بتایا کہ دمشق کی جانب سے اس وقت یمن میں فوج بھیجنے کی اطلاعات مکمل طور پر غلط ہیں۔ ذریعے کا کہنا تھا کہ شام کی توجہ فی الحال اندرونی معاملات پر مرکوز ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...