اسرائیلی بمباری، حماس کا اہم کمانڈر سمیر ابو یونس شہید

اسرائیلی بمباری، حماس کا اہم کمانڈر سمیر ابو یونس شہید

سمیر نے 7 اکتوبر حملے کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا:اسرائیل صحافیوں کی مشکلات پر مبنی دستاویزی فلم "انسائیڈ غزہ"بہترین فلم قرار

غزہ،یروشلم ،مونٹریال(اے ایف پی)اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی علاقے میں فضائی حملے کے دوران حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے اہم  کمانڈر سمیر ابو یونس کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ فلسطینی ذرائع نے بھی ان کی شہادت کی تصدیق کی ہے ۔ 53 سالہ ابو یونس رفح بریگیڈ کے کمانڈر تھے ، انہیں خان یونس کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں دو افراد زخمی ہوئے ۔اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کے سینئر رہنما سمیر نے سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اسرائیلی فوج نے ابو یونس کو حماس کے سینئر رہنماؤں میں ایک مرکزی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ بریگیڈ اور حماس کی تنظیمی قوت بحال کرنے کی کوششوں میں سرگرم تھے ۔

ابو یونس نے بریگیڈ کے جنگجوؤں کو اسرائیلی شہریوں اور آئی ڈی ایف اہلکاروں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں کیلئے ہدایات دی تھیں۔ غزہ میں جنگ کے دوران صحافیوں کی مشکلات اور روزمرہ زندگی پر مبنی فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی دستاویزی فلم ‘‘انسائیڈ غزہ’’ نے مونٹریال کے سنی مینیا فلم فیسٹیول میں بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ جیت لیا۔ 72 منٹ دورانیے کی اس فلم کی ہدایت کاری ہیلین لام ترونگ نے کی ہے ۔ فلم میں غزہ میں کام کرنے والے اے ایف پی کے چار صحافیوں کی جدوجہد دکھائی گئی ہے ۔ غزہ بیورو چیف عادل زعنون نے ایوارڈ صحافیوں کے نام کرتے ہوئے عالمی برادری سے صحافتی آزادی کی حمایت جاری رکھنے کی اپیل کی۔ فلم آسکر ایوارڈ کی دوڑ میں بھی شامل ہو سکتی ہے ۔

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپہ مار کر اے ایف پی کے صحافی محمد عتیق کو گھر سے گرفتار کرلیا۔ ان کی اہلیہ کے مطابق فوجی اہلکار رات ڈیڑھ بجے جنین کے قریب برقین قصبے میں گھر میں داخل ہوئے ، محمد عتیق کی آنکھوں پر پٹی باندھی اور انہیں اپنے ساتھ لے گئے ۔ اسرائیلی فوج نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صحافی کو حماس سے مبینہ تعلقات کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے ، تاہم کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔اردن کی بحریہ نے ملکی سمندری حدود میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے اسرائیلی شہری کو گرفتار کرلیا۔ اسرائیلی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری کی بحفاظت واپسی کے لیے اردنی حکام سے رابطے کیے جارہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...