عالمی عدالت نے میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیدیا

عالمی  عدالت  نے  میانمار  کو  روہنگیا  مسلمانوں  کی  نسل  کشی  کا  ذمہ  دار  قرار  دیدیا

میانمار کا مقصد روہنگیا آبادی کو ختم کرنا تھا، 10 ہزار شہری قتل ،1800خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا:عدالت پناہ گزینوں کی محفوظ واپسی ، معاوضہ دینے کا حکم ،فیصلے کے بعد برطانیہ نے میانمار دفاعی اتاشی ملک بدر کردیا

دی ہیگ،لندن،کاکس بازار (اے ایف پی) عالمی عدالت انصاف نے تاریخی فیصلے میں میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پناہ گزینوں کی محفوظ وطن واپسی اور متاثرین کو معاوضہ دینے کا حکم دیا ہے ۔عدالت نے 9 کے مقابلے میں 6 ووٹوں سے فیصلہ سناتے ہوئے میانمار کو نسل کشی روکنے میں ناکامی کا بھی ذمہ دار قرار دیا۔ اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت کی 80 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ریاست کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے ۔ عدالت کے صدر یوجی ایواساوا نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ میانمار نے شمالی ریاست رخائن میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی۔ عدالت کے مطابق 2017 کی فوجی کارروائیوں میں10 ہزار شہری قتل،1800سے زائد خواتین کو جنسی تشدد اور بچوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ روہنگیا دیہات منظم انداز میں تباہ کیے گئے ۔عالمی عدالت انصاف نے میانمار کو حکم دیا ہے کہ ملک چھوڑنے والے پناہ گزینوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرے ۔ عدالت کے صدر یوجی ایواسوا نے فیصلے میں کہا کہ میانمار روہنگیا افراد کی اپنے آبائی علاقوں میں محفوظ، رضاکارانہ اور باعزت واپسی یقینی بنائے ۔

انہوں نے کہا کہ بے گھر ہونے والے افراد کے خاندانوں کو بھی دوبارہ ملانے کے اقدامات کیے جائیں۔ یہ حکم ان تمام روہنگیا افراد پر لاگو ہوگا جو میانمار کے اندر یا بیرون ملک نقل مکانی پر مجبور ہوئے ،عالمی عدالت انصاف نے میانمار کو حکم دیا ہے کہ کریک ڈاؤن کے دوران نسل کشی کے مرتکب مشتبہ افراد کی تحقیقات شروع کرے ۔ ملزموں کے خلاف مقدمات چلائے جائیں اور انہیں سزائیں بھی دی جائیں۔کریک ڈاؤن کے باعث لاکھوں افراد بنگلہ دیش فرار ہوگئے تھے ۔عالمی عدالت انصاف کی جانب سے میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دینے پر بنگلہ دیش میں مقیم پناہ گزینوں نے خوشی اور تشکر کا اظہار کیا ہے ۔ کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپ میں سینکڑوں افراد نے بڑی سکرین پر عدالتی کارروائی دیکھی اور فیصلہ سن کر کئی افراد آبدیدہ ہوگئے ۔

روہنگیا رہنما سیداللہ نے بنگلہ دیش، گیمبیا اور اسلامی تعاون تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وطن واپسی تک ان کی حمایت جاری رکھیں۔ ایک نوجوان محمد عثمان نے کہا کہ فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ نسل کشی سے متعلق ان کے دعوے درست تھے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے میانمار کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے ۔برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کی جانب سے میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دینے کے بعد میانمار کے دفاعی اتاشی کو ملک بدر کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے میانمار کے ناظم الامور کو بھی طلب کرلیا ہے ۔ ملی بینڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالتی فیصلے کے تناظر میں فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ برطانیہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ فیصلے پر غور کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...