غزہ :اسرائیلی حملہ، سکیورٹی افسر، اہلیہ ، دو بیٹیاں شہید

غزہ :اسرائیلی حملہ، سکیورٹی افسر، اہلیہ ، دو بیٹیاں شہید

اسرائیلی پارلیمنٹ، 7 اکتوبر حملے کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کی منظوری فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی مظالم ، نسل کشی کا خطرہ بڑھنے لگا:اقوام متحدہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اسرائیل پر غزہ میں پیدائش روکنے کے اقدامات کا الزام

غزہ،جنیوا،یرو شلم(اے ایف پی)غزہ کے علاقے الشاطی پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں فلسطینی سکیورٹی افسر، ان کی اہلیہ اور دو بیٹیاں شہید جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے ۔غزہ کی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال کے مطابق اسرائیلی حملے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں چار افراد شہید ہوئے ۔ شہید بچیوں کی عمریں 13 اور  15 سال تھیں۔غزہ کی وزارت داخلہ نے شہید افسر کی شناخت کرنل محمد ابو العوف کے نام سے کی ہے ، جو شمالی غزہ میں داخلی سکیورٹی سروس کے سربراہ تھے ۔اسرائیل نے دو روز قبل حماس کے داخلی سکیورٹی سربراہ نعیم ابو نہال کو بھی شہید کردیا تھا۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے سنگین جرائم کے ارتکاب کا خطرہ بڑھ رہا ہے ، عالمی برادری فوری طور پر ان کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے ۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے بدھ کو بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار بارہا مغربی کنارے کے الحاق، نسلی تطہیر اور اجتماعی سزا سے متعلق پالیسیوں کا اظہار کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی معاشرے میں نفرت انگیزی اور ایسے جرائم پر اکسانے کا رجحان تشویشناک ہے ، جن میں جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور حتیٰ کہ نسل کشی بھی شامل ہو سکتی ہے ۔

اسرائیلی پارلیمنٹ نے بدھ کو حماس کے 7 اکتوبر 2023کے حملے سے قبل سکیورٹی کی ناکامیوں کی تحقیقات کے لیے ریاستی تحقیقاتی کمیشن کے قیام سے متعلق بل کی ابتدائی منظوری دے دی۔ ابتدائی رائے شماری میں 65 ارکان نے بل کے حق میں جبکہ 50 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ یہ بل وزارت عظمیٰ کے امیدوار گادی آئزن کوٹ کی جماعت نے پیش کیا تھا۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل پر غزہ میں فلسطینی خواتین کی زچگی اور بچوں کی پیدائش روکنے کے اقدامات کا الزام عائد کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت سے ممکنہ نسل کشی کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ تنظیم کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 سے اکتوبر 2026 تک اسرائیلی کارروائیوں اور طبی سہولتوں کی کمی کے باعث خواتین کو بانجھ پن کے علاج، دوران حمل نگہداشت اور زچگی کی سہولتوں تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں۔ادویات اور طبی آلات کی قلت سے اسقاط حمل اور نومولود بچوں کی اموات میں اضافہ ہوا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف طویل عرصے سے جاری بدعنوانی کے مقدمے میں ججوں نے استغاثہ کو رشوت کے الزامات واپس لینے کا مشورہ دے دیا۔ججوں نے سماعت کے دوران کہا کہ ایک مقدمے میں نیتن یاہو کو سزا ملنے کے امکانات کم ہیں۔ ان پر سرکاری مراعات کے بدلے میڈیا کوریج اپنے حق میں کرانے کا الزام ہے ۔ دوسرے مقدمے میں ججوں نے سوال اٹھایا کہ آیا ان کے اقدامات جرم کے زمرے میں آتے ہیں۔ تیسرے مقدمے میں مہنگے تحائف وصول کرنے کے الزامات پر فریقین کو سمجھوتے کی تجویز دی گئی۔ اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا نے سفارشات پر غور کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...