امریکی فوج نے 5ٹن زہریلا دھماکا خیز مواد تباہ کر دیا
مواد کو محفوظ مقام پر منتقل نہیں کیا جا سکتا تھا،خودبخود دھماکے کا خطرہ تھا دھماکے سے دھوئیں کا بڑا بادل چھا گیا، آواز 15کلومیٹر دور تک سنائی دی
واشنگٹن (اے ایف پی)امریکی فوج نے بدھ کے روز ریاست آئیووا کے ایک چھوٹے سے زرعی قصبے میں 5 ٹن محفوظ زہریلے دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ تلف کرنے کے لیے کنٹرولڈ دھماکا کیا۔ حکام کے مطابق یہ مواد اتنا ناقص ہو چکا تھا کہ اسے کسی محفوظ مقام پر منتقل نہیں کیا جا سکتا تھا، اس لیے رہائشیوں کو دھماکے اور سیسے (لیڈ)کی ممکنہ دھول کے بادل سے محفوظ رہنے کے لیے پناہ لینے کی تنبیہ کی گئی۔حکام نے بتایا کہ لیڈ ایزائیڈ کے 68 ڈرم-جو خراب شدہ اس مواد کا امریکا کا مکمل ذخیرہ تھا-خود بخود پھٹنے کے خطرے سے دوچار تھے ، جس کے باعث انہیں آئیووا آرمی ایمونیشن پلانٹ (مڈل ٹاؤن)میں تلف کرنا ناگزیر ہو گیا، جہاں یہ 15 برس سے زائد عرصے سے رکھے ہوئے تھے ۔ تاہم فوج نے "انتہائی احتیاط" کے پیش نظر مڈل ٹاؤن، آئیووا اور قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو دھماکے سے قبل علاقہ چھوڑنے کی ترغیب دی۔مقامی افراد نے اڑتے شیشوں سے بچاؤ کے لیے کھڑکیوں پر ٹیپ لگائی اور ممکنہ زہریلی دھول سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی۔اس کنٹرولڈ دھماکے سے ملبہ فضا میں اڑا اور درختوں کی قطار کے اوپر دھوئیں کا بڑا بادل چھا گیا، دھماکے کی آواز تقریباً 10 میل (15 کلومیٹر)دور تک سنی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments