میری شادی غلط وقت، غلط لوگوں میں ہوئی:فردوس جمال
لاہور(شوبزڈٰیسک)سینئر اداکار فردوس جمال نے کہا ہے کہ اُن کی شادی غلط وقت غلط لوگوں میں ہوئی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انہوں نے کہا کہ میں اپنی ماں کی گود سے ہی فنکار پیدا ہوا۔۔۔
میرے والدین نے اپنی زندگی میں میرے فن اور صلاحیتوں کو بہت سراہا لیکن اُن کی وفات کے بعد، سب کچھ بدل گیا۔ میری زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا یہ ہے کہ میری شادی غلط وقت پر اور غلط لوگوں میں ہوئی، میری اہلیہ اور میرے سُسرالی میرے لیے بطور فنکار سازگار نہیں تھے ۔ میں ایک فنکار ہوں تو میری شادی کسی فنکارہ یا فنکار خاندان میں ہونی چاہیے تھی کیونکہ ایک فنکار ہی کسی کے فن کی قدر کرسکتا ہے ۔ غلط شادی نے نہ صرف مجھے تنہا کیا بلکہ میرے شخصیت اور زندگی بھی بدل کر رکھ دی۔اداکار نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات کا افسوس نہیں کہ میری شادی وہاں کیوں ہوئی لیکن اگر ساتھی کے روپ میں کوئی فنکارہ ملتیں تو میرا ہُنر مزید نکھرتا۔ میں اپنی شادی اور بچوں سے بہت خوش ہوں بلکہ میں سب سے زیادہ خوش تو اپنے بڑے بیٹے حمزہ جمال کی پیدائش پر ہوا تھا۔ میں 70 سال کا ہوچکا ہوں، اب آگے مجھے موت کے سوائے کچھ بھی نظر نہیں آتا۔