فلم سٹار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 20 سال گزر گئے
لاہور(شوبزڈیسک)اپنے طویل کیریئر کے دوران لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے فلم سٹار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 20 سال گزر گئے۔
یکم جنوری 1937 میں کرم ایجنسی کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہونے والے محمد سعید خان عرف رنگیلا نے فن مزاح کو فلموں کا لازمی جز بنادیا۔ایک معمولی پینٹر کی حیثیت سے فلموں کے پوسٹر بناتے بناتے، قسمت کا ہاتھ انھیں پوسٹر سے اٹھا کر پردہ سکرین پر لے آیا اور پھر وہ خود فلم بن گئے۔ رنگیلا نے اپنے وقت کے نامور فنکاروں کے ساتھ کام کیا تاہم شہنشاہ ظرافت منور ظریف کے ساتھ ان کی جوڑی کا چرچہ خوب رہا۔ اپنے فنی سفر کے دوران رنگیلا نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ اداکار رنگیلا کو فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی طرف سے صدارتی ایوارڈ سمیت متعدد اعلی اعزازات سے نوازا گیا۔وہ 68 برس کی عمر میں 24 مئی 2005ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔