سلمان خان سنگین بیماریوں کا شکار،تشویشناک انکشاف

نئی دہلی (آن لائن) بالی ووڈ کے سپر سٹار سلمان خان کا ایک سے زیادہ سنگین بیماریوں میں مبتلا ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
سلمان خان نے ایک شو میں اپنی سنگین بیماریوں کا تذکرہ کرکے مداحوں کو حیران و پریشان کردیا۔ میزبان نے سلمان خان سے شادی نہ کرنے سے متعلق سوال پوچھا تھا جس پر سلمان خان نے جواب دیا کہ ‘‘ہم روز ہڈیاں تڑوا رہے ہیں، پسلیاں ٹوٹ چکی ہیں، ٹریجمنل نیورالجیا کے ساتھ کام کررہے ہیں، دماغ میں انیورزم ہے ، اس کے باوجود کام کررہے ہیں، اے وی مالفارمیشن بھی ہے ، پھر بھی چل رہے ہیں’’۔ واضح رہے کہ ٹریجمنل نیورالجیا ایک دائمی اعصابی بیماری ہے ، جبکہ برین انیورزم دماغ میں کسی خون کی نالی کے کمزور ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والا ابھار ہوتا ہے اور جب پھٹتا ہے تو دماغ میں خطرناک حد تک خون بہنے کا باعث بن سکتا ہے ،اے وی مالفارمیشن میں دماغ یا ریڑھ کی ہڈی میں شریانیں اور رگیں غیر معمولی انداز میں جڑ کر الجھ جاتی ہیں۔ اس بیماری کے باعث خون کے معمول کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے ۔