تنقید کے باوجود میلانیا ٹرمپ کی فلم کا ریکارڈ بزنس
واشنگٹن(شوبز ڈیسک)امریکی خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم تنقید کا شکار ہونے کے باوجود بھی باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ کے حامیوں نے باکس آفس پر دستاویزی فلم کی آمدنی کو اندازاً 7 ملین امریکی ڈالرز تک پہنچایا جو کہ دستاویزی فلم کے حساب سے غیر معمولی ہے ۔امریکی خاتونِ اوّل نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی دستاویزی فلم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار بھی کیا ہے ۔دوسری جانب فلمی ناقدین کے اس دستاویزی فلم کے بارے میں زیادہ مثبت خیالات نہیں ہیں۔ سٹریمنگ سروس‘ایمازون’ نے اس دستاویزی فلم کے حقوق 40 ملین ڈالرز میں خریدے ہیں اور اس کی مارکیٹنگ، پروموشن اور ڈسٹری بیوشن پر 35 ملین ڈالرز خرچ کیے گئے ہیں۔