لیاری جا کر گناہ نہیں کیا جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے متحدہ کے الزمات غلط ہیں
اپوزیشن اپوزیشن ہوتی ہے،فرینڈلی ہو یا نان فرینڈلی، متحدہ ماضی میں اتحادی رہی، اب بھی ان کیلئے دروازے کھلے ہیں،وفاق نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کیا تو سندھ میں جاری رکھیں گے،بینظیرکے مزار پر حاضری
سکھر، لاڑکانہ (نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پیپلز پارٹی پر جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرنے کے الزام میں کوئی صداقت نہیں، لیاری میں پارٹی کارکنوں نے نئی حکومت کے قیام پر ہمیں مدعو کیا تھا اور ہم نے وہاں جا کر کوئی گناہ نہیں کیا ہے، ایم کیو ایم ماضی میں اتحادی رہی، اب بھی ان کیلئے دروازے کھلے ہیں، امن و امان حکومت کی پہلی ترجیح ہے، مفاہمت کی پالیسی جاری رکھیں گے، کراچی کے حالات جلد بہتر ہونگے،پولیس کو جدید تربیت دی جائے گی،وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کیا تو سندھ حکومت اس کو جاری رکھے گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو اور گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نےکہا کہ اپوزیشن اپوزیشن ہوتی ہے خواہ فرینڈلی ہو یا نان فرینڈلی، ایم کیو ایم کی جانب سے لگائے گئے الزامات میں کوئی سچائی نہیں، نئی حکومت کا مقصد صوبے کی فلاح ہے، امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، کراچی میں قیام امن کے لیے پولیس کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی، آئندہ بجٹ میں سب سے زیادہ رقم امن و امان کےلیے مختص کریں گے، انھوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی مفاہمت کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں اور یہ پالیسی جاری رہے گی، ایم کیو ایم ماضی میں بھی ہماری اتحادی رہی ہے اور اب بھی ان کے لیے دروازے کھلے ہیں، علاوہ ازیں لاڑکانہ گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید محترمہ بینظیر بھٹو و ویگر کے مزارات پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح ہے کہ امن وامان،صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری لائی جائے، انھوں نے کہا کہ ہم نے نواز شریف اور نواز شریف نے ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ہے، تو قع ہے کہ وفاقی حکومت سندھ سمیت دیگر صوبوں کو ان کے حقوق فراہم کرے گی اور آئین پر بھی عمل کرے گی تاکہ تلخیاں پیدا نہ ہوں ،انھوں نے مزید کہا کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے غریب عوام کو فائدہ حاصل ہو تا ہے، امید ہے وفاقی حکومت اس کو ختم نہیں کرے گی، اگر وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کیا تو پھر سندھ حکومت اس پروگرام کو جاری رکھے گی، قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں ہمارے خلاف سازشیں ہوئیں، دس دس جماعتوں نے ہمارے خلاف اتحاد بنائے جس کے باوجود بھی عوام نے ہمیں کامیاب اورجمہوریت کے مخالفین کو ناکام کیا ہے۔