مولانا الیاس قادری نے بڑے صاحبزادے کو جانشین مقرر کر دیا
عبید رضا عالم دین کے ساتھ فقہی مسائل پر عبور رکھتے ہیں، مرکزی مجلس شوریٰ بیٹے کو شریعت وسنت کا پابند اور گناہوں سے بچنے کی نصیحت کی، بانی دعوت اسلامی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کے ترجمان کے مطابق امیر اہلسنت بانی دعوت اسلامی علامہ محمد الیاس عطار قادری نے اپنے بڑے صاحبزادے مولانا عبید رضا عطاری المدنی کو اپنا جانشین مقررکردیا ہے ۔ دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور مجلس رابطہ کے نگران حاجی یعفور عطاری نے کہا ہے کہ مولانا عبید رضا عالم دین ہونے کے ساتھ نیک، متقی و پرہیزگار شخصیت کے مالک ہیں اور فقہی مسائل پر عبور رکھتے ہیں اور دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری سمیت مرکزی مجلس شوریٰ کے تمام اراکین نے عبید رضا پر مکمل اعتماد وخوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اس موقع پر امیر اہلسنت نے مولانا عبید رضا عطاری المدنی کو شریعت وسنت کا پابند رہنے ، احکام شریعہ پر قائم رہنے ، گناہوں سے بچنے اور دعوت اسلامی کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کی نصیحت کی اور مولانا عبید رضا کو امیر اہلسنت مولانا الیاس عطار قادری کی جانب سے باضابطہ طور پر سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ کی خلافت بھی دی گئی۔ اس موقع پر علماء کرام اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے مولانا عبید رضا عطاری المدنی کومبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔