باجوڑ ایجنسی: بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 فوجی جوان شہید

باجوڑ ایجنسی: بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 فوجی جوان شہید

فورسز کی بھاری نفری کا علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن، 7 مشتبہ افراد زیر حراست

راولپنڈی (اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک) باجوڑ ایجنسی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے منگل کی رات جاری ہونے والے بیان کے مطابق باجوڑ میں بارودی سرنگ پھٹنے سے حوالدار مشتاق اور حوالدار خورشید شہید ہوئے۔ بی بی سی کے مطابق باجوڑ ایجنسی کے پولیٹیکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح چار منگ کے علاقے میں پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے دو اہلکار پانی بھر کر لا رہے تھے کہ انہیں سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بنایا گیا۔ اہلکار کے مطابق دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ادھر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں