(ق) لیگ کے 30رکنی وفد کی (ن) لیگ میں شمولیت
کراچی میں امن کی بحالی نواز شریف کی بصیرت کا ثبوت ، شہباز شریف جلسوں میں بے پناہ جوش دیکھ کر اچھنبا ہوا، (ن) لیگ کے وفد سے گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مسلم لیگ(ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے گورنر ہاؤس کراچی میں مسلم لیگ(ق) سندھ کے 30رکنی وفد نے صوبائی جنرل سیکریٹری مطیع الرحمن کی قیادت میں ملاقات کر کے (ن) لیگ میں شمولیت کااعلان کیا۔ شہبا ز شریف کا کہناتھا کہ کراچی میں امن کی بحالی نواز شریف کی بصیرت کا ثبوت ہے ۔پیر کومسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے شہباز شریف سے ملاقات میں ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے مسلم لیگ(ق) کے رہنماؤں کی شمولیت کا خیر مقدم کیا، ان کاکہناتھاکہ ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح کے لیے ہے ، ہم مل کر کراچی سمیت پورے صوبہ سندھ کو بہتر بنائیں گے ۔ وفد میں مہدی حسین شاہ ،عبدالغفور، طارق آرائیں ،مختلف یونین کونسلوں کے صدور،احمد حسین ،آصف قریشی اوردیگر شامل تھے ۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) سندھ کے قائمقام صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں وفد نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے لیگی رہنماؤں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ لیاری اور بلدیہ ٹاؤن کے جلسو ں میں لوگوں کا بے پناہ جوش دیکھ کر اچھنبا ہوا، کراچی میں پانی کا کے 4منصوبہ ،توانائی ، سڑکوں اور موٹروے نوازشریف کے منصوبے ہیں، جن پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ شاہ محمد شاہ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے ایک ہفتے میں جس طرح سندھ میں ڈبل انٹری ڈالی ہے مخالف جماعتیں اس سے پریشان ہو گئی ہیں۔