پرویز مشرف کا عید الفطر کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ
آل پاکستان مسلم لیگ ملک بھر سے انتخابات میں حصہ لے گی، ڈاکٹر امجد
اسلام آباد (این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر)پرویز مشرف نے عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ کر لیا ، حتمی تاریخ کا اعلان نااہلی کے خلاف اپیل کے فیصلے کے بعد ہو گا ۔ اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آل پاکستان مسلم لیگ ملک بھر سے انتخابات میں حصہ لے گی، پرویز مشرف الیکشن 2018 میں قومی اسمبلی کے چار حلقوں چترال I ، جھنگ ، گوادر اور کراچی سے الیکشن لڑیں گے ۔ جہاں ضرورت پڑی ،اتحادی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو سپریم کورٹ پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل کا فیصلہ سنائے گی ،پرویز مشرف کی واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیصلہ ہمارے خلاف آیا تب بھی پرویز مشرف واپس آ کر انتخابات میں پارٹی کی قیادت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ سیاسی عمل کے ذریعے سسٹم کا حصہ بننا چاہتی ہے ، غیر سیاسی عمل پر یقین نہیں رکھتی۔ پرویز مشرف کو آئندہ ملک کا صدر بنانے کی ڈیل کی باتیں درست نہیں ۔ پریس کانفرنس سے ڈاکٹر فقیر حسین بخاری نے بھی خطاب کیا،انتخابی تیاریوں اور امیدواروں کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلات بتائیں۔