4لاکھ لاہوری نشہ کے عادی، 70فیصد 30سال سے کم عمر

4لاکھ لاہوری نشہ کے عادی، 70فیصد 30سال سے کم عمر

27علاقوں میں سر عام نشہ کیا جاتا، ادارے خاموش ، لکشمی چوک بڑا پوائنٹ

لاہور(سید سجاد کاظمی سے)صوبائی دار الحکومت میں چار لاکھ افراد 17اقسام کے نشے کرنے میں مصروف ہیں اور لاہور کے 27علاقوں میں سر عام نشہ کیا جاتا ہے ، جبکہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج منشیات کے خلاف عالمی دن منانے کے حوالے سے روزنامہ دنیا نے تحقیقاتی رپورٹ تیار کی ۔رپورٹ کے مطابق اس وقت لاہور میں تقریبا4ًلاکھ کے قریب افراد نشے کی مختلف اقسام میں مبتلا ہیں جن میں70فیصد کی عمر15 سے 30سال ہے ۔ نشے کی اقسام کے حوالے سے اپر کلاس اور لوئر کلاس کے نشے بھی علیحدہ علیحدہ ہیں۔اپر کلاس کے نشے میں سب سے خطرناک کرسٹل آئس، ایس ٹی سی گولی، ایل ایس ڈی، غیر ملکی شراب، کوکین، ہشیش ،ہیروئن شامل ہیں جبکہ مڈل اور لوئر کلاس کے نشوں میں گٹکا، دیسی شراب، افیون، بھنگ،چرس، نسوار، ڈرگ انجکشن، کھانسی کے تمام سیرپ جن میں الکوحل20فیصد تک ہو، جوڑ سلوشن، صمد بانڈ سمیت17سے زائد نشے شامل ہیں اور ان کا تاحال سدباب نہیں کیا جاسکا ۔اس وقت لاہور کے 27کے قریب مقامات ایسے ہیں جہاں سرعام نشہ کیا جاتا ہے ان میں سب سے بڑا پوائنٹ لکشمی چوک سمجھا جاتا ہے اسی طرح شملہ پہاڑی، ڈیوس روڈ، ریلوے سٹیشن، گڑھی شاہو، رائل پارک،گنگارام ہسپتال چوک، برٹش کونسل دیوار، ریگل چوک، نئی انار کلی کارنر، علی پارک، داتا دربار، بھاٹی چوک، پیر مکی، مزنگ چوک، چوبرجی، کاہنہ نو، چونگی امرسدھو، یتیم خانہ چوک سمیت بڑے ہوٹل و کلبز نشئیوں کے اہم پوائنٹس ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں