لوٹی دولت کی واپسی:ٹاسک فورس برطانیہ سے کام کا آ غاز کرے گی
ملک سے لوٹی گئی دولت پاکستان واپس لانے کیلئے نیب کے زیر انتظام قائم ٹاسک فورس نے اپنے کام کی ابتدا برطانیہ سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے
اسلام آباد (خبر نگار خصو صی) ملک سے لوٹی گئی دولت پاکستان واپس لانے کیلئے نیب کے زیر انتظام قائم ٹاسک فورس نے اپنے کام کی ابتدا برطانیہ سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔برطانیہ میں پاکستانی امراء اور سیاست دانوں کے غیر قانونی اثاثہ جات تک رسائی اور انہیں پاکستان کے حق میں ضبط کروانے کی کاروائی کیلئے برطانیہ میں حال ہی میں لاگو کئے گئے غیرظاہر کردہ دولت(Un-explained Wealth Order-2018) کے قانون کا سہارا لیا جائے گا۔ کابینہ کی خصوصی ٹاسک فورس کے چیئرمین اکبر شہزاد برطانیہ کے خصوصی دورے سے پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں جو جمعہ کو اپنی ابتدائی رپورٹ جبکہ 15دنوں میں اپنی حتمی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کریں گے ٹاسک فورس کے وفد نے دورہ کے دوران برطانیہ میں پاکستانی امراء،سیاست دانوں،بیورو کریسی کے خفیہ اثاثہ جات کا سراغ لگانے اور انہیں بحق سرکار پاکستان کی تحویل میں دلوانے کیلئے برطانوی حکام سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ان اطلاعات کی تصدیق کی۔کابینہ اجلاس میں شریک ایک اور ذرائع نے دنیا کو بتایا کہ کیونکہ یہ معاملہ انتہائی حساس ہے لہذا اس ٹاسک فورس نے ابتدائی کام شروع کر دیا ہے اور جہاں جہاں بھی پاکستان کے خفیہ غیر قانونی اثاثہ جات اور چھپائی گئی دولت موجود ہے وہاں کی حکومتوں سے فردا ًفرداً ملاقاتیں کر کے ان سے طریقہ کار طے کیا جائے گا اور مرحلہ وار اقدامات کے ذریعے اس دولت تک رسائی حاصل کی جائے گی۔