الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں بھی آرٹی ایس استعمال کرنے کافیصلہ
عام انتخابات کے نتائج کی ترسیل کے دوران آرٹی ایس نظام بیٹھنے پر سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا تھا الیکشن کمیشن قانون پر عملدرآمد کا پابند ، ضمنی انتخابات میں آرٹی ایس اور آر ایم ایس کو استعمال کیا جائے گا،ڈی جی پبلک ریلیشنز
اسلام آباد (رپورٹ :الماس حید رنقوی )رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کی عام انتخابات میں ناکامی کے باوجودالیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں بھی نتائج کی فوری ترسیل کیلئے آرٹی ایس استعمال کرنے کافیصلہ کیا ہے ،پریذائیڈنگ افسران کو نتائج کی ترسیل کیلئے روایتی طریقہ کاربھی استعمال کیاجائے گا ۔الیکشن کمیشن کے انتہائی باوثوق ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایاہے کہ 14اکتوبرکو ہونیوالے ضمنی انتخابات میں آرٹی ایس کو استعمال کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہناہے کہ نادراکیساتھ الیکشن کمیشن کا عام انتخابا ت اورضمنی الیکشن میں آرٹی ایس کے استعمال کامعاہدہ ہے ، 25جولائی کو ہونیوالے عام انتخابات کے دوران نتائج کی ترسیل کیلئے آرٹی ایس نظام بیٹھ گیا تھا جس کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس نظام کو استعمال کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ آرٹی ایس متنازعہ ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات میں استعما ل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورالیکشن کمیشن کے حکام ضمنی انتخابات میں آرٹی ایس کے حوصلہ افزا نتائج کے خواہش مند ہیں،اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز قاسم ندیم کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ 2017کے مطابق قانونی تقاضا ہے کہ الیکشن کمیشن نتائج کی تیز تر ترسیل کیلئے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم تیار کرے ،ضمنی انتخابات میں بھی آرٹی ایس اور آر ایم ایس کو استعمال کیا جائے گا،الیکشن کمیشن قانون پر عملدرآمد کا پابند ہے ۔