پریا نکا گاندھی کہاں غائب?

پریا نکا گاندھی کہاں غائب?

انڈیا میں گیارہ دسمبر کو جیسے جیسے ریاستی انتخابات کے نتائج سامنے آ رہے تھے

(بی بی سی )……انڈیا میں گیارہ دسمبر کو جیسے جیسے ریاستی انتخابات کے نتائج سامنے آ رہے تھے ویسے ویسے راہول گاندھی کے حق میں لگائے جانے والے نعروں میں بھی اضافہ ہو رہا تھا لیکن ایک چہرہ جو ہمیشہ ہر انتخابی ریلی میں راہول کے ارد گرد نظر آتا تھا وہ ان انتخابات میں نظر نہیں آیا اور وہ چہرہ تھا ان کی بہن پریانکا گاندھی کا۔وہ پریانکا گاندھی جو اپنے بھائی راہول گاندھی کی پہلی انتخابی مہم میں ان کے ساتھ ساتھ نظر آئی تھیں۔تو کہاں گئیں پریانکا گاندھی؟ کیا کانگریس کے سیاسی افق سے پریانکا بالکل غائب ہو چکی ہیں۔اِس انتخابی مہم میں راہول گاندھی کی تقاریر اور بیانات کافی مقبول رہے اور وزیراعظم نریندر مودی پر ان کے الزامات نے کافی سرخیاں بٹوری ہیں لیکن پریانکاکسی ریلی میں نظر آئیں نہ ہی خبروں میں اور ایسا بھی پہلی مرتبہ ہوا کہ پریانکا کے بارے میں اپوزیشن نے کوئی بات بھی نہیں کی۔مثال کے طور پر کانگریس کے کنونشن میں سٹیج پر سونیا گاندھی اور راہول نظر آ رہے تھے لیکن پردے کے پیچھے کا سارا انتظام پریانکا نے ہی سنبھالا ہوا تھا۔کانگریس کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پریانکانے اس کنونشن میں ہر چھوٹی سے چھوٹی بات کا خیال رکھا تھا۔اتنا ہی نہیں بلکہ پریانکا نے وہ فہرست بھی تیار کی تھی کہ سٹیج پر پہلے کون سے رہنما تقریر کریں گے اور پہلی مرتبہ نوجوان اور سینئر رہنماؤں کا امتزاج دیکھنے میں آیا۔اس کے علاوہ انہوں نے سونیا گاندھی اور راہول کی تقاریر اور ان میں حقائق اور اعداد و شمار کو بھی پوری طرح چیک کیا۔ جب کانگریس کی جانب سے جیتی گئی ریاستوں میں وزیراعلیٰ بنانے کا مسئلہ پیش آیا تو پریانکا اس میں اپنی ماں اور بھائی کے ساتھ شریک ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ان کی رضامندی کے بعد ہی ان ناموں کا اعلان کیا گیا۔ اس دوران پریانکانے اس بات کا مکمل خیال رکھا کہ ان کی تصویر سامنے نہ آئے تاکہ لوگوں کی تمام توجہ پارٹی اور اس کے صدر راہول گاندھی پر مرکوز رہے ۔ویسے بھی پریانکا کا خیال ہے کہ 2019 کے انتخابات میں تجربہ ہی کامیابی دلوانے کے کام آئے گا یہی وجہ ہے کہ مدھیہ پردیش میں بھی کمل ناتھ کی شکل میں تجربے کو اہمیت دی گئی۔دراصل کانگریس کے اندر بھی یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ 2019 میں مودی کو ٹکر دینے کے لیے پریانکا کو کانگریس کا چہرہ بنایا جانا چاہیے لیکن سونیا گاندھی صرف راہول کو ہی کانگریس کا چہرہ بنانا چاہتی ہیں۔سونیا اچھی طرح جانتی ہیں کہ پریانکاکے سرگرم سیاست میں آنے سے بھائی بہن کے درمیان موازنہ شروع ہو جائے گا اور پارٹی کے اندر گروپ بندی شروع ہو جائے گی اور یہ سب پارٹی کے لیے نقصان دہ ہوگا۔پریانکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرہ کے خلاف بد عنوانی کے الزامات لگے تھے اور خیال ہے کہ یہ بات پریانکا گاندھی کے لیے سب سے بڑی کمزوری بن گئی ہے ۔ یہی ایک وجہ ہے کہ خود پریانکا اور کانگریس دونوں ہی ان کے عملی سیاست میں آنے سے گریز کرتے ہیں۔ پریانکا گاندھی

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں