امریکہ نے 9/11 کے بعد کتنی تباہی مچائی ؟

امریکہ نے 9/11 کے بعد کتنی تباہی مچائی ؟

امریکہ 9/11کے حملوں کے بعد سے جنگوں پر تقریبا6ًٹریلین ڈالر خرچ کرچکا ہے ،ان جنگوں کے نتیجے میں5لاکھ لوگ مارے گئے

(دنیا مانیٹرنگ ) امریکہ 9/11کے حملوں کے بعد سے جنگوں پر تقریبا6ًٹریلین ڈالر خرچ کرچکا ہے ،ان جنگوں کے نتیجے میں5لاکھ لوگ مارے گئے ۔ امریکی جریدے نیوز ویک کے مطابق چنددن قبل براؤن یونیورسٹی کے واٹسن انسٹی ٹیوٹ نے جنگی اخراجات کے حوالے سے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے ۔ جس میں پینٹاگون کے بیرون ممالک آپریشنز کے اخراجات،جنگ سے متعلق وزارت خارجہ کے اخراجات،جنگ سے متاثرہ فوجیوں کی دیکھ بھال کے اخراجات،جنگی اخراجات کیلئے لئے گئے قرضوں پر سود کی ادائیگی اوروزارت داخلہ کی جانب سے دہشت گردی کی روک تھام کیلئے کئے گئے پیشگی اقدامات کے اخراجات کا تخمینہ لگایاگیا ہے ۔ حتمی تخمینے کے مطابق امریکہ نے 9/11کے حملوں کے بعد سے مالی سال2019تک دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے 5.9ٹریلین ڈالرکی رقوم مختص کی ہیں۔جس میں دوران جنگ کئے گئے براہ راست اخراجات اور جنگ سے متعلق بلواسطہ اخراجات شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق6ٹریلین ڈالر کے نا قابل برداشت جنگی اخراجات نے نیشنل سکیورٹی کے حوالے سے شدید خدشات کو جنم دیا ہے ۔عوامی مفاد میں ضروری ہے کہ ان اخراجات میں شفافیت کو مزید بڑھایا جائے اورجنگوں کے خاتمے کیلئے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے تاکہ دیگر ضروری نوعیت کی نیشنل سکیورٹی ترجیحات سے نمٹا جاسکے ۔گیارہ ستمبر2001کو القاعدہ کے حملوں کے نتیجے میں3ہزار افراد مارے گئے ، جس کے جواب میں امریکہ نے دہشت گردی کیخلاف عالمی جنگ کاآغاز کیا۔ 9/11کے حملوں کے ایک ہفتے بعد ہی امریکہ نے القاعدہ کے اتحادی طالبان کے زیر قبضہ افغانستان پر حملہ کردیا۔ مارچ 2003 میں واشنگٹن نے عراقی صدر صدام حسین کا اقتدار ختم کردیا، امریکہ نے صدام حسین پر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار بنانے اور دہشت گرد تنظیموں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔ابتدائی کامیابی کے بعدامریکی فوج کو دونوں ممالک میں شدیداور نہ ختم ہونے والی مسلح بغاوت کاسامنا کرنا پڑا،جس کے بعدانسداددہشت گردی آپریشنز کو پاکستان، لیبیا، صومالیہ اوریمن سمیت پورے خطے میں پھیلا دیاگیا۔2014میں امریکہ نے داعش کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک بین الاقوامی اتحاد قائم کیا،داعش نے عراق میں سنی بغاوت کے بعد جنم لیاتھا اور وہ دیکھتے ہی دیکھنے پڑوسی ملک شام سمیت کئی علاقوں میں پھیل گئی۔ واٹسن انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے انسداددہشت گردی آپریشنز کو بہت زیادہ وسیع کردیا ،امریکی فوج 76ممالک میں انسداد دہشت گردی آپریشنز انجام دے رہی ہے ، جودنیا بھر کے ممالک کا39فیصد بنتا ہے ۔ ان آپریشنز کے دوران امریکہ اور دیگر ممالک میں انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی شدید خلاف ورزی بھی کی گئی ہیں۔محققین کے مطابق 9/11کے حملوں کے بعد عراق، افغانستان اور پاکستان میں امریکی جنگوں میں تقریباً4 لاکھ 80 ہزار سے لیکر5لاکھ7ہزار تک افراد مارے گئے ۔ اس میں شام میں جنگ کے دوران مارے گئے 5لاکھ افراد شامل نہیں ہیں۔ ان تمام امریکی آپریشنز کے دوران افغانستان،عراق اور پاکستان میں 6 ہزار 951 امریکی فوجی،21عام شہری اور 7ہزار820کنٹریکٹرز مارے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں