پنجاب کا نظام چل نہیں رہا،وزرا بے اختیار:تھنک ٹینک
پنجاب کے وزرا اعلیٰ کی فہرست میں موجودہ کی حیثیت تاریخی نہیں :ایاز امیر حکومت ، اسٹیبلشمنٹ میں پہلے جیسے تعلقات نہیں ،تبدیلی پر بات ہورہی:ہارون الرشید عثمان بزدار کوچودھری برادران سب سے زیادہ سپورٹ کررہے ہیں :سلمان غنی وزیر اعظم نے میڈیا کی تنقید پر ٹیم بدل دی ، کیاماضی میں ایسا ہوا کرتا تھا :خاور گھمن
لاہور(دنیا نیوز)معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے ایک بات ماننا پڑے گی پنجاب کاانتظام چل نہیں رہا ،وزرابے اختیار ہیں، ان کے ناموں سے بھی عوام آگاہ نہیں ہیں۔پروگرام "تھنک ٹینک " میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کئی تلواریں تین دھاری بھی ہوتی ہیں،پنجاب کے وزرا اعلیٰ کی فہرست کو دیکھ لیں جن میں موجودہ وزیر اعلیٰ کی حیثیت تاریخی نہیں ہے ، پنجاب کابینہ کے ناموں سے بھی عوام آگاہ نہیں ہیں، فیاض الحسن چوہان کے نام کوعوام جانتے ہیں کیونکہ ان کو نکالا گیاہے ۔آج چودھری نثار کا نام وزارت اعلیٰ پنجاب کے لئے لیا جارہاہے لیکن ایسا کرکے ان کے زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے ۔سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا پنجاب میں وزیر اعلیٰ کو بدلناہے اور بہت سی چیزوں کوتبدیل ہوناہے ، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ میں پہلے جیسے تعلقات نہیں ہیں ، کشیدگی تو نہیں ہے لیکن خراب کارکردگی کی وجہ سے تبدیلی کے ہر امکان پر بات ہورہی ہے ،اسد عمر کاوژن برا نہیں تھا لیکن ان کی پالیسی خراب تھی ، وہ نجکاری کے خلاف تھے ، پنجاب میں تبدیلی ناگزیر ہے ، کسی کوسمجھ نہیں آتی تو اس کوجاکر کسی قریبی یونیورسٹی کی کلاسز میں تین برس تک بیٹھنا چاہئے ۔سیاسی تجزیہ کار،روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا بجٹ تک پنجا ب میں کوئی وزیر تبدیل ہورہاہے اور نہ ہی وزیر اعلیٰ ،پنجاب میں نئے وزیر اعلیٰ کیلئے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ، تحریک انصاف کے ذمہ داروں کے مطابق اس حوالے سے فیصلہ عمران خان کا ہوگا، اس وقت عثمان بزدار کوچودھری برادران سب سے زیادہ سپورٹ کررہے ہیں،تحریک انصاف میں تو وزارت اعلیٰ کے بہت سے امیدوار ہیں،مجھے ایک دوست نے جو چودھری نثار کے بہت بڑے ناقد ہیں فون کر کے بتایا چودھری نثار وزارت اعلیٰ پنجاب کے امیدوار ہیں،پنجاب کے لوگوں کے ساتھ سخت زیادتی ہوئی کہ ایک شخص جو سب سے آخر میں تحریک انصاف میں آتاہے اس کو وزیر اعلیٰ بنادیا جاتاہے جس کے نام سے بھی لوگ آگاہ نہیں تھے ۔تجزیہ کار ،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا پنجاب میں تبدیلی بجٹ سے پہلے اور بعد میں بھی آسکتی ہے ، ہمیں پرانی روایت سے باہر نکلناچاہئے ،تبدیلی جمہوریت کا حسن ہے ، وزیر اعظم نے میڈیا کے تنقید کرنے پر ٹیم تبدیل کردی ، کیاماضی میں اس طرح ہوا کرتا تھا ؟عمران خان کا طریقہ کار مختلف ہے ، وہ پہلی حکومتوں کی طرح یہ نہیں کہیں گے کہ میں یہ نہیں کرسکتا تھا اور میری کچھ مجبوریاں تھیں ، وہ جوکریں گے ڈنکے کی چوٹ پر کریں گے ،پنجاب میں کسی ایک وزیر کا نام بتا سکتے ہیں جس کو عثمان بزدار کام کرنے سے روک رہے ہیں ۔