میاں شہبازشریف عید لندن میں ہی منا ئیں گے ؟
اپوزیشن لیڈر کی پس پردہ ملا قا تیں ، وطن واپسی کیلئے مثبت سگنلز کا انتظار
لندن (اظہر جاوید) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے قانونی اور طبی وجوہات کی بنا پر لندن قیام میں توسیع کردی ،ان کی قانونی ٹیم نے نیب میں جاری منی لانڈرنگ انکوائریز کے تفصیلی الزامات سامنے نہ آنے تک انہیں بیرون ملک قیام کا مشورہ دیا ہے ، شہباز شریف آٹھ مئی کو لندن میں ایک اور میڈیکل چیک آپ کرائیں گے جس کے بعد ان کے علاج کے حوالے سے بھی مزید لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف عید لندن میں ہی منا سکتے ہیں ان کے صاحبزادے سلمان شہباز اور داماد علی عمران اور حمزہ شہباز کے اہل خانہ پہلے ہی لندن میں موجود ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے شہباز شریف لندن میں پس پردہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ وطن واپسی کے حوالے سے اہم شخصیات سے رابطے میں ہیں پاکستان سے مثبت سگنلز ملنے کے بعد وہ واپس روانہ ہوجائینگے ۔ذرائع کا کہنا ہے پاکستان میں چھائے نیب کے گہرے بادل ان کی لندن سے لاہور پرواز میں بڑی رکاوٹ ہیں اور اپنی خراب صحت کے پیش نظر وہ شدید گرمی میں نیب کے مہمان نہیں بننا چاہتے ۔ دوسری جانب ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کیلئے لندن میں ڈاکٹرز کا بورڈ قائم کیا گیا ہے ، اب تک کی تمام رپورٹس اس کو پہنچا دی گئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق برطانوی ڈاکٹرز نے نواز شریف کو لندن میں علاج کا مشورہ دیا ہے اور اس سلسلے میں لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں انتظامات کئے جارہے ہیں ، ان کے معالجین کو امید ہے کہ نواز شریف عید سے قبل لندن پہنچ جائیں گے ۔