شہباز شریف کوجانے دیا، نواز کورکھ لیا ،تھنک ٹینک

شہباز شریف کوجانے دیا، نواز کورکھ لیا ،تھنک ٹینک

اسٹیبلشمنٹ شریفوں سے سیکھ گئی،ایاز امیر،پلی بارگین کاآپشن ہے ،خاورگھمن شہباز شریف محفوظ فاصلے سے بیٹھ کردباؤ کم کرنیکی کوشش کرینگے ،حسن عسکری نواز شریف کو جیل صبر اور حوصلے سے کاٹنی چاہئے ،سلمان غنی کی پروگرام میں گفتگو

لاہور(دنیا نیوز) معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ اسٹیبلشمنٹ بھی شریفوں سے سیکھ گئی، شہباز شریف کوجانے دیا، نواز شریف کورکھ لیا کیونکہ وہ جان گئے ہیں اور ان کی فنکاری سے اگلے بھی یہ سیکھ گئے ہیں کہ ایک کو یہیں رکھو ، ایک کوباہر رکھو،دختر انقلاب بھی یہیں ہیں جبکہ تھوک کا کاروبار کرنے والے فرزند بھی باہر جا چکے ہیں۔دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینکمیں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا کہ سعد رفیق کی گفتگو وقت کے لحاظ سے ہوتی ہے کہ کس موقع پر کیا بات کرنی ہے ؟ جب یہ باہر جاتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ لینن کے بعد یہ نئی پارٹی بنی ہے ۔ ممتاز تجزیہ کار و سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے کہا کہ سپریم کورٹ سے ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد نواز شریف اب ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے ، ملک سے باہر جاکر وہ نیب سے ڈیل کریں گے اور حکومت کا اس میں کوئی معاملہ نہیں ہوگا ۔انھوں نے کہاکہ شہباز شریف ایک محفوظ فاصلے سے بیٹھ کر اپنے اوپر دباؤ کم کرنے کی کوشش کریں گے ، ن لیگ نے ایک نئی حکمت عملی اپنائی ہے لیکن یہ پتہ نہیں کہ یہ اب پایہ تکمیل تک پہنچے گی یا نہیں۔ ان کا کہناتھا کہ اگر نواز شریف کولندن جانے کی اجازت مل جاتی تو پھر یہ حکمت عملی سو فیصد کامیاب ہوسکتی تھی ۔سیاسی تجزیہ کار،روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا ہے کہ عمران خان پچھلے دوتین روز سے کہہ رہے ہیں کہ این آر او نہیں دوں گا لیکن یہ پتہ نہیں کہ وہ کس کویہ بات کہہ رہے ہیں؟ اب ن لیگ کی خاموشی ٹوٹنے والی ہے ۔انھوں نے کہاکہ خواجہ آصف کی نامزدگی بڑی اہم ہے کیونکہ جب اپوزیشن لیڈر کی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس ہوتا تھا تو شہباز شریف بطور اپوزیشن لیڈر شرکت کرتے تھے جس کی وجہ سے پارلیمانی پارٹیوں میں مسلم لیگ ن کا نام نہیں آتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت چیئر مین پی اے سی کے لئے رانا تنویر کانا م دیا گیاہے لیکن ابھی تک چیئر مین پی اے سی شہبازشریف ہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مسلم لیگ ن میں خواجہ سعد رفیق اور میاں جاوید لطیف بول رہے ہیں اور خواجہ سعد رفیق کا موقف ٹھیک ہے ، کہا جارہاہے تھا کہ کوئی ڈیل ہورہی ہے لیکن ابھی تک اس کے ڈانڈے نہیں مل رہے ، انہوں نے کہا کہ غیبی طاقت ضرورتھی جس کی وجہ سے شہباز شریف باہر گئے ہیں ، نواز شریف کی جانب سے جو خاموشی اختیار کی گئی تھی وہ خاموشی شہباز شریف کی وجہ سے تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ جیلیں صبر اورحوصلے سے کاٹنی چاہئیں، نواز شریف کو جیل صبر اور حوصلے سے کاٹنی چاہئے ، جیلیں بندے ہی کاٹتے ہیں لیکن اب ن لیگ کی خاموشی ٹوٹنے والی ہے ۔تجزیہ کار،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا کہ شریف خاندان کے ساتھ اس وقت جو ڈیل ہوگی اس میں پلی بارگین کاآپشن ہے ، میری اطلاع کے مطابق کچھ پیسہ اکٹھا کرکے داماد کے نام پر پلی بارگین لے لی جائے گی کیونکہ نواز شریف تو کہتے ہیں کہ میرے پاس تو کچھ ہے ہی نہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں