پی پی، لیگی دور ‘ 171منصوبوں کو30جون تک مکمل کرنیکافیصلہ

پی پی، لیگی دور ‘ 171منصوبوں کو30جون تک مکمل کرنیکافیصلہ

پورے فنڈزجاری کئے جائینگے ،پی ایس ڈی پی کاوسط مدتی جائزہ 15جنوری تک مکمل کیاجائیگا موجودہ حکومت کے 337منصوبوں کی ٹیکنیکل سٹڈی کرکے دوسری ششماہی میں فنڈز ریلیزہونگے

اسلام آباد(ساجدچودھری)وفاقی حکومت نے 701ارب روپے کی مالیت کے وفاقی ترقیاتی پروگرام کے ابتدائی جائزے کے بعد وسط مدتی جائزہ 15جنوری تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں شروع کئے گئے تکمیل کے قریب171ترقیاتی منصوبوں کو تر جیحی طور پر پورے فنڈز جاری کر کے انہیں30جون تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ سیکرٹری پلاننگ کمیشن ظفر حسن کی زیر صدارت ہونے والے اس وسط مدتی جائزے کے دوران تمام ترقیاتی منصوبوں کی ٹیکنیکل ڈیزائن، ٹیکنیکل سٹڈی اور فزیبلٹی سٹڈی کی بنیاد پر منظوری دینے کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ بھاری لاگت ظاہر کرکے اور غیرضروری ذیلی منصوبوں کو شامل کرکے کرپشن کی گنجائش پیدا کرنے کا سدباب کیا جاسکے ۔ پہلے مرحلے میں تحریک انصاف کی جانب سے سرکاری ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے 337 ترقیاتی منصوبوں کی ٹیکنیکل سٹڈی کی جائے گی اور اگر یہ منصوبے عوامی مفاد میں پائے گئے تو ان کی تخمینہ لاگت کا عمل مکمل کرکے ان کیلئے دوسری ششماہی (جنوری تا دسمبر) کے دوران فنڈز کا اجرا کیا جائے گا۔ گزشتہ روز وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی نے سرکاری ترقیاتی پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کا پہلا سہ ماہی جائزہ 21اکتوبرسے یکم نومبر کے دوران لیا گیا ۔دور دراز علاقوں میں منصوبوں کی رفتار پر نظر رکھنے کیلئے سیٹلائٹ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں