آرمی ایکٹ میں ترمیم آج قومی اسمبلی میں آسکتی ہے
اطلاعات ہیں کہ وزارت قانون نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ تیار کر لیا
( دنیا کامران خان کے ساتھ ) اطلاعات ہیں کہ وزارت قانون نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ تیار کر لیا اور آج اس کو قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔ ترمیم کے مسودے میں آرمی چیف ،ایئرفورس ، نیوی کے چیفس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تقرری اور مدت ملازمت میں توسیع ،تقرری، مراعات اور تنخواہ کے معاملات کو طے کیا جائے گا جو کہ اب تک مبہم تھے ۔ دیکھنا ہوگا کہ اس معاملے میں اپوزیشن کا ردعمل کیا ہوتا ہے ، اگر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کوئی با مقصد ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہو جائے تو یہ بڑی حوصلہ مند بات ہوگی ، ایسی ہی ایک جھلک آرڈیننسوں کے معاملے پر بھی دیکھی گئی تھی ۔ حکومت 11آرڈیننس لے کر آئی تھی تاہم اپوزیشن اور حکومت کی بات چیت کے بعد آرڈیننس واپس لئے گئے ۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ ابھی دیکھا نہیں، تاہم حکومت پہلے روز ہی یہ معاملہ حل کر سکتی تھی، مسودہ دیکھ کر معاملے کو ڈیل کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آج بھی اپوزیشن سے بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، ان حالات میں ڈیڈ لاک ہی ہوگا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی اور پرویز خٹک کا بڑا احترام ہے لیکن جس کے پاس مینڈیٹ ہے وہ بات کرنے کو تیار نہیں، اس صورتحال میں قانون سازی سمیت دیگر معاملات کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں؟ الیکشن کمیشن کے معاملے پر ابھی تک اپوزیشن اور حکومت کے درمیا ن 100 فیصد ڈیڈ لاک برقرار ہے ۔ تاہم آج میٹنگ میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان ہے ۔