باقی سب ٹھیک ، بیچارے عوام کا احتساب جاری ہے :تھنک ٹینک
ملک میں بس تماشا دیکھتے رہیں، ایاز امیر، احتسابی عمل کی قلعی کھل گئی ، مجیب شامی پاکستان آج مسائلستان بن گیا ، سلمان غنی، لیگی رہنما جوڑ توڑ کے ماہر ، خاور گھمن
لاہور(دنیا نیوز)معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس وقت عوام کا احتساب ہورہا ہے چینی ،آٹے اور دیگر اشیا کی مد میں بیچارے عوام کا احتساب جاری ہے ،باقی سب ٹھیک چل رہا ہے ۔پروگرام \"تھنک ٹینک \" میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاپہلے احتساب کا شور اٹھا،اب معاملہ ضمانتوں تک پہنچ گیا ہے ،احتساب صرف بیوقوف عوام کا ہورہا ہے اور یہ جاری رہے گا،ان کا کہنا تھااس وقت مہنگائی ملک کا اہم مسئلہ نہیں ،پاکستان کا اہم ترین مسئلہ نواز شریف کی صحت ہے ۔ یہ معاملہ ایسے ہی چلتا رہے گا۔اس سے پہلے بھی احتساب ہوئے تھے ،یہ احتساب بھی ویسا ہی ہوگا،ایک طرفہ تماشا ہے اور اس ملک میں ہمیشہ یہی تماشا رہے گا۔دوسری طرف پی ٹی آئی حکومت میں ریاست مدینہ بننے جا رہی ہے ،بس تماشا دیکھتے رہیں ۔ سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی نے کہا میں نہیں سمجھتا کہ مریم نواز کو حکومت کی طرف سے بیرون ملک جانے کا پروانہ مل جائے گا،حکومت ان کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے کہا عدالت کے مختلف فیصلوں سے احتسابی عمل کی قلعی کھل گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا حکومت کی سب سے بڑی اپوزیشن معاشی صورتحال ہے اور حکومت 1900ارب قرض لینے جا رہی ہے ۔سیاسی تجزیہ کار، دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا مہنگائی کا ذمہ دار مافیا ہے ۔گزشتہ ڈیڑھ سال میں مہنگائی کا ایک طوفان آیا ہے ، اپوزیشن بھی عوام کی آواز نہیں بنی ہے ۔پاکستان آج مسائلستان بن گیا ، حکومت سے عوام کی توقعات پوری نہیں ہوئیں، مسلم لیگ ن میدان میں نکل کر عوام کی آواز بنے ۔تجزیہ کار،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہانواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت عدالت نے نہیں وزیر اعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ نے دی تھی۔عمران خان کا خیال ہے کہ اگر مریم نواز بھی چلی گئیں تو ان کا احتساب کا سارا عمل گر جائے گا، مسلم لیگ ن کے رہنما جوڑ توڑ کی سیاست کے ماہر ہیں ، وفاق یا پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ۔