حکومت مخالف تحریک کیلئے تیار :شہبازکی فضل الرحمن کویقین دہائی
اے پی سی جو فیصلہ کریگی ہم اس کے پابند ہونگے :صدر ن لیگ کاٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد(طارق عزیز)مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ن لیگ حکومت مخالف کسی بھی تحریک کا حصہ بننے کے لئے تیار ہے ، متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ ن لیگ ساتھ دے گی ،شہباز شریف نے لندن سے فون پر مولانا فضل الر حمن کو آگاہ کیا کہ نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ، ان کا علاج معالجہ اور ٹیسٹ چل رہے ہیں، نواز شریف کی صحت بہتر ہونے تک وہ لندن میں بھائی کے پاس ہی رہیں گے ،اس دوران متحدہ اپوزیشن کوئی بھی فیصلہ کرتی ہے تو ن لیگ کی پاکستان میں موجود قیادت حصہ لے گی ،ذرائع سے معلوم ہوا کہ انہوں نے لندن سے مولانا فضل الر حمن کو ٹیلی فون کیا ہے ، شہباز شریف نے مولانا فضل الر حمن کو نواز شریف کی صحت بارے آگاہ کیا اور وہاں پر اپنی موجودگی اورمجبوری بارے وضاحت کی جس پرمولانا نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری پر ہمیں بھی تشویش ہے جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں لیکن اپوزیشن لیڈر کی پاکستان میں کمی محسوس کی جارہی ہے ، گفتگو کے دوران حکومت مخالف تحریک کے لئے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر نیب قوانین میں اصلاحات پر بھی مشاورت کی گئی ،شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ اگر اپوزیشن جماعتیں اے پی سی سمیت کوئی بھی فیصلہ کرتی ہیں تو ن لیگ ان کے ساتھ کھڑی ہوگی، پاکستان میں موجود سینئر قیادت اے پی سی کے فیصلوں میں شریک اور پابند ہوگی،دونوں رہنمائوں میں اتفاق رائے ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کو بے نقاب ،دونوں ایوانوں میں ٹف ٹائم دیا جائے گا۔