مودی کو مسلم دشمن پالیسی کیخلاف عالمی تنظیموں کی تنقید کا سامنا
غیر معمولی پیش رفت بنگلہ دیش میں ہوئی ہے ،مودی کا دورہ بنگلہ دیش منسوخ ہو گیا افغانستان میں بھارت مخالف مظاہرے ،برطانوی پارلیمنٹ میں بھی مودی پر سخت تنقید
لاہور(دنیا نیوز)پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ کے میزبان کے مطابق بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنی مسلم دشمن پالیسی کے خلاف عالمی میڈیا،بین الاقوامی تنظیموں کی سخت تنقید کا سامنا ہے سب سے غیر معمولی پیش رفت بنگلہ دیش میں ہوئی ہے جہاں بھارت کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں ،مظاہرین مودی کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں جس کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ بنگلہ دیش منسوخ ہو گیا ہے جو مودی آج کرنے والے تھے ،اس سے پہلے مشتعل ہجوم نے بھارت کے جھنڈے جلاڈالے تھے ، شیخ مجیب الرحمان کی 100 ویں سالگرہ کے جشن کی تقریبات میں مودی کو مدعو کیا گیا تھالیکن دلی میں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد بنگلہ دیشی مسلمانوں نے مودی کی آمد کے خلاف شدید احتجاج کیا،مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مودی کو دیا گیا دعوت نامہ واپس لیا جائے بنگلہ دیش میں بھارت کے خلاف یہ اب تک کا سب سے بڑا احتجاج ہے ۔حکومت نے اب اعلان کیا ہے کہ کورونا کے خطرے کے پیش نظر شیخ مجیب الرحمان کی پیدائش کے سلسلے میں ہونے والی تقریب کو منسوخ کردیا گیا ہے اس سے بظاہر تو مودی کی عزت بچ گئی ہے ۔پچھلے ہفتے سے مظاہروں میں مودی کے خلاف سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے ،گزشتہ ہفتے افغانستان میں بھارت مخالف مظاہرے ہوئے تھے اور مودی کی مسلم مخالف پالیسیوں اور دلی میں مسلمانوں کے قتل عام پر شدید غم وغصہ کا اظہار کیا گیا تھا۔مودی کی ہندوتوا پالیسی کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ میں بھی مودی کو سخت تنقید کا سامنا ہے حالیہ واقعات نے مودی کے چہرے کو بے نقاب کیا ہے ۔ الجزیرہ ٹی وی چینل نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارت میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہنگامے کرائے گئے مسلمانوں کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ان کی پراپرٹی جلا دی گئی ان پر حملہ کیا گیا اور ان کو قتل کردیا گیا، حملہ آوروں نے اپنی شناخت سے بچنے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیئے ۔پولیس نے مسلمانوں کے گھر جلتے دیکھے مگر کچھ نہیں کیا۔