سندھ کا فیصلہ وفاق سے ٹکرائو کے مترادف:عمران اسماعیل
صوبہ وفاق کیساتھ نہیں چلنا چاہتا، حکومت براہ راست کارروائی کرسکتی ہے :گورنر انتظامی درخواست صوبہ رد کرسکتا:سلمان اکرم کی ’’دنیا کامران خان کیساتھ‘‘گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ صوبائی حکومت کا وفاق کا ٹیکس جمع نہ کرنیکا فیصلہ ٹکرائو کے مترادف ہے ۔صوبہ ٹیکس جمع کرنے سے انکار نہیں کرسکتا۔پروگرام‘‘دنیا کامران خان کے ساتھ’’ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعدجواب دے گی،وفاق کے پاس آپشنزہیں ،لگتاہے سندھ حکومت وفاق کے ساتھ نہیں چلناچاہتی،آرٹیکل 149کے تحت وفاق براہ راست ایکشن لے سکتاہے ،وزیراعلیٰ کومشیران غلط مشورے دے رہے ہیں۔اس معاملے پرسینئر قانون دان سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ یہ معاملہ معمولی نہیں ہے ،بلکہ یہ افسوسناک ہے ،آئین کے آرٹیکل 146میں دوصورتیں ہیں،اگر وفاقی حکومت انتظامی نوعیت کی کوئی درخواست کرے تو اس صورت میں صوبے کی صوابدید ہے ،کرے یا نہ کرے ۔صوبہ یہ درخواست رد کرسکتا ہے ،اگر مجلس شوریٰ یا پارلیمنٹ قانون بناکر صوبے پر کوئی ذمہ داری عائد کرتی ہے تو اس صورت میں صوبہ انکار نہیں کرسکتا۔