اسلام آباد محفوظ ترین شہر قرار، 70 درجہ بہتری : ورلڈ کرائم انڈیکس رپورٹ
پہلے 6ماہ میں سنگین جرائم میں24فیصد،ڈکیتی و راہزنی میں52 ،سرقہ بالجبر 30اورنقب زنی کی وارداتوں میں41 فیصد کمی دارالحکومت کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے مزیدموثر اقدامات اٹھائینگے ،آئی جی پولیس عامرذوالفقارخان:افسروں ،نوجوانوں کوشاباش
اسلام آباد ( خبر نگار)اسلام آباد پولیس کی بہترین حکمت عملی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر کارروائیوں کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ سال کی نسبت رواں سال کے پہلے 6ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، ورلڈ کرائم انڈیکس رپورٹ کے مطابق اسلام آباد 142 سے 72 درجہ بہتری کے ساتھ محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے اور اسکے سٹیٹس میں 70 درجہ بہتری آئی جبکہ یو این او کی طرف سے 12 سال بعد اسلام آباد کا فیملی سٹیشن کا درجہ بحال کیا گیا ۔اسلام آبادمیں رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں سنگین جرائم میں24فیصد،ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں52فیصد ،سرقہ بالجبر میں30فیصد،موٹرسائیکل و کار چوری کی وارداتوں میں 6فیصد اور نقب زنی کی وارداتوں میں41 فیصدکمی آئی جبکہ پچھلے سال کی نسبت رواں سال کے پہلے 6ماہ کے دوران اسلحہ برآمدگی میں47فیصد اورمنشیات کی برآمدگی میں 19 فیصد اضافہ ہوا ، آٹھ اندھے قتل کے ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کی سربراہی میں سال رواں کے پہلے 6 ماہ میں آپریشن ڈویژن نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں جس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی،اسلام آباد پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کرکے خطرناک 10 ڈکیت گروہوں سمیت دیگر جرائم میں ملوث 867 ملزمان گرفتارکیے اوران کے قبضہ سے کروڑوں روپے کا مال مسروقہ نقدی،طلائی زیورات ،موبائل فونز،لیپ ٹاپ و دیگر سامان برآمد کیا گیا ، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 6 من سے زائد چرس،47 کلوگرام ہیروئن،4 کلوافیون،41 گرام کوکین،223 گرام آئس اور 10ہزارزائد شراب کی بوتلیں برآمدکی گئیں،ناجائز اسلحے کے زمرے میں 5 دستی بم،31 کلاشنکوف،20 بندوقیں ،543 پسٹل،38 خنجر اور 11000سے زائد روند برآمد کئے گئے ، 75کارچوروں کو گرفتار کرکے 11 کروڑ سے زائد مالیت کی کاریں اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں،سال رواں میں 8 اندھے قتل کو ٹریس کرکے ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ آئی جی عامر ذوالفقار خان نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران و جوانوں کو شاباش دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وفاقی دارالحکومت کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے جرائم پیشہ افراد کے خلاف مزید موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔