2019-20:ریلوے آمدنی2ارب 78کروڑ73لاکھ کم رہی
مسافر ، گڈز ، سنڈری سے آمدنی ہدف سے کم،متفرق کوچز سے زائد ریکارڈ
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )پاکستان ریلوے مالی سال2019-20 میں آمدنی کا حکومتی ہدف حاصل کرنے میں ناکام گزشتہ مالی سال ریلوے کو ہدف سے 2 ارب 78کروڑ73لاکھ روپے کم آمدنی ہوئی ۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے اختتام پر ریلوے کو کل 47 ارب21 کروڑ 26 لاکھ روپے آمدنی ہوئی، مالی سال2019-20 کیلئے ریلوے آمدنی کا ہدف 50 ارب روپے تھا، ذرائع کے مطابق مالی سال کے اختتام پر ریلوے کو مسافر ، گڈز اور سنڈری تین اہم مدات میں ہدف سے کم جبکہ متفرق کوچز سے زائد آمدنی ہوئی ،مسافرٹرینوں کی مد میں ریلوے کو ہدف سے 1 ارب 45 کروڑ22 لاکھ روپے کم آمدنی ہوئی، گڈز سیکٹر میں ریلوے آمدنی ہدف سے 85 کروڑ51 لاکھ کم ریکارڈ کی گئی ،سنڈری کی مد میں ریلوے آمدنی ہدف سے 51 کروڑ 33 لاکھ کم رہی جبکہ متفرق کوچز کی مد میں ریلوے آمدنی ہدف سے 3کروڑ 33 لاکھ زائد ریکارڈ کی گئی۔