راجکماری کو پتا نہیں انڈے کلو ہوتے ہیں یا درجن :فردوس

راجکماری کو پتا نہیں انڈے کلو ہوتے ہیں یا درجن :فردوس

انکی درجن بھی آٹھ کی :شہباز گل‘مریم کو سمجھ نہیں آرہا کیا کریں:فواد

لاہور،ڈسکہ ( سپیشل رپورٹر ،نیوز رپورٹر، نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشیر برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کی تقریر کے ردعمل میں کہا ہے کہ منہ میں کرپشن کے پیسے سے سونے کا چمچہ لیکر پلنے والی جعلی راجکماری جسے یہ تک نہیں پتا کہ انڈے کلو ہوتے ہیں یا درجن وہ مہنگائی پہ لیکچر دینے نکلی ہے ۔ عوامی لیڈرز عوام میں رہتے ہیں ظل سبحانی کی طرح فرار نہیں ہوتے ۔ راجکماری اور حادثاتی چیئرمین انداز گفتگو سیکھیں، سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔پی ڈی ایم نے ڈسکہ کے ایک مختصر چوک میں ٹھگوں کے ٹھگ مہمانوں کا جلسہ کیا،جھوٹ داسودا ہتھوں ہتھ، سچ دا گاہک ٹانواں ٹانواں ، شکلوں سارے بندے لگدے ، وچوں بندہ ٹانواں ٹانواں، میڈیا بریفنگ کے دوران مریم کے شعروں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج وارث شاہ کو بھی ان ٹھگوں نے نہیں بخشا،پی ڈی ایم کے جلسہ میں لسانیت کو ہوا دی گئی، ایک قومی اسمبلی کی سیٹ کی خاطر یہ مفاد پرست عناصر لسانیت کا زہر گھول رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کا حق ان کی دہلیز پر لوٹائے گی۔19فروری کو پی ٹی آئی جیتے گی،لوٹ کھسوٹ کا پیسہ ڈسکہ کے عوام کو خریدنے کیلئے استعمال کیا جارہاہے ۔ ڈسکہ جلسے میں خالی کرسیاں جعلی راجکماری کا منہ چڑارہی تھیں، مقامی امیدوار عوام کو جلسے میں لانے کیلئے دربدر پھرے لیکن اہل ڈسکہ نے راجکماری کی جلسی کا بائیکاٹ کرکے سیاسی شعور کا ثبوت دیا۔ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ لیگی قیادت کو ان کے اپنے کارکنوں نے لفٹ نہیں کرائی ،وزیر اعظم نے اپوزیشن کو جلسوں اور ریلیوں میں مدد کی پیش کش کی ۔لیگی قیادت رابطہ کرے تو اپنے کارکن بھیجنے پر غور کریں گے ۔شہباز گل نے مریم نواز کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس نالائق کی باتیں سنو۔ اس کی درجن بھی آٹھ کی ہے ۔ صرف ایک لمحے کیلئے صفدر بھائی کے بارے میں سوچیں جنہیں آٹھ والی درجن کے انڈے لا کر دیتے رہے ہیں۔ لگتا ہے یہ لوگ گھر کے سودا سلف سے بھی پیسے چوری کرتے رہے ہیں۔ مراد سعید نے ٹویٹ کیا ہے کہ کلو انڈے اور درجن آلو کے بعد پیش خدمت ہے ’’آٹھ انڈے کے کلو‘‘عوام کے پیسے پر پلنے والو کا عوام سے اتنا ہی تعلق ہے جتنا کلو کا انڈوں سے اور درجن کا آلو سے ۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی تقریریں ان کی مایوسی اور غصے کا ثبوت ہیں، ان کو سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کریں کہ آسمان گر پڑے اور زمین پھٹ جائے ۔مریم نواز حوصلہ رکھیں ابھی چھ ماہ بعد تحصیل کے الیکشن بھی ہونے ہیں کوشش کر کے دیکھیں گھوڑا بھی حاضر اور میدان بھی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی مہنگی کرنی پڑتی ہے تو اس لئے کہ آپ لوگوں نے کمیشن کیلئے مہنگے بجلی گھر لگائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں