پنجاب:ہسپتالوں کیلئے آکسیجن جنریٹرز کی خریداری پر غور

پنجاب:ہسپتالوں کیلئے آکسیجن جنریٹرز کی خریداری پر غور

ایکسپو سنٹر میں ایچ ڈی یو بیڈز بیک اپ کے طور پر فعال کر دئیے :وزیر صحت نئے ویکسی نیشن سنٹرز کیلئے موزوں جگہ کا انتخاب کیا جائے :چیف سیکرٹری

لاہور(اپنے نامہ نگارسے )صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا مریضوں کیلئے آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ہسپتالوں کیلئے آکسیجن کنسنٹریٹرز اور جنریٹرز کی خریداری کی تجویز پر غور کیا گیا۔صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ پنجاب حکومت کورونا مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور وبا پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے اضافہ کے بعد ایکسپو سنٹر میں ایچ ڈی یو بیڈز بیک اپ کے طور پر فعال کر دئیے گئے ہیں۔ نجی ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے مفت علاج کیلئے بھی بیڈز مختص کر دئیے گئے ہیں۔ 10لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا کہ نئے ویکسی نیشن سنٹرز کے قیام کے سلسلے میں موزوں جگہ کا انتخاب کیا جائے اور اس سلسلے میں آبادی کے تناسب کو مد نظر رکھا جائے ۔ نئے ویکسی نیشن سنٹرز میں اضافہ کیساتھ ساتھ انتظامات کو بھی مزید بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید سے قبل مارکیٹوں کی بندش کے اوقات اور دیگر ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں