چین آہنی بھائی ، دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتے ہیں : آرمی چیف

چین آہنی بھائی ، دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتے ہیں : آرمی چیف

چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات، سی پیک ،افغان امن عمل میں پیشرفت ،علاقائی سلامتی ودیگر امور پرتبادلہ خیال فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز کا وفد بھی ملا،جنرل باجوہ کی ملکی اقتصادی ترقی میں کاروباری طبقے کے کردار کی تعریف

لاہور(نیوزڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سی پیک پر پیش رفت اور افغان امن عمل سمیت علاقائی سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا کی وبا سے نمٹنے اور پاکستان کو ویکسینز کی فراہمی کے حوالے سے چین کی معاونت پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اپنے آہنی بھائی چین کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے ۔ انہوں نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر بیجنگ میں شایان شان تقریب کے انعقاد پر ان کو مبارکباد دی۔چینی سفیر نے خطے میں امن و استحکام بالخصوص افغان امن عمل کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں تجارتی و صنعتی مراکز کی ترقی اور علاقائی معاشی ماحول پیدا کرنے پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان کی معاشی ترقی میں کاروباری برادری کے کردار کو سراہا اور پاک فوج کی طرف سے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے پاکستان کی معاشی خوشحالی کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں