سینکڑوں قومی ادارے بیچنے کا پروگرام بنالیاگیا:سراج الحق

 سینکڑوں قومی ادارے بیچنے کا پروگرام بنالیاگیا:سراج الحق

غیر فعال پاورپلانٹس کو کپیسٹی پے منٹ کیوں کی جارہی ہے :امیر جماعت اسلامی

لاہور (سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت نے پاور سیکٹر ، بینکوں ، پی آئی اے ، پاکستان ریلوے سمیت سینکڑوں قومی اداروں کو بیچنے کا پروگرام تشکیل دیاہے جس سے اقتصادی بحران اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا ۔ امید ہے کہ وزیرخزانہ بجٹ میں پاور ٹیرف اور دیگر ٹیکسزنہ بڑھانے کے اپنے وعدے پر قائم رہیں گے ۔ گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاور پلانٹس بند پڑے ہیں ۔ شہروں اور دیہاتوں میں آٹھ آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ۔ جب پاور پلانٹس اپریشنل نہیں ہیں تو ان کو کپیسٹی پے منٹ کیوں کی جارہی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ سے جاری بیان میں کیا ہے ۔سراج الحق نے کہاکہ اقتصادی سروے میں جتنے ٹارگٹ سیٹ کیے گئے ہیں ان میں سے موجودہ حکومت نے ایک بھی پورا کردیا تو بڑی بات ہوگی ۔ ایس ایم ایز کو بلاسود قرضے دیے جائیں ۔ کسانوں تک ڈائریکٹ سبسڈی پہنچانے کے وعدے سہانے ہیں لیکن کاش ان پر عمل درآمد بھی ہو ۔ قرضوں کے سہارے گروتھ میں اضافہ شو کر کے حکومت حقائق پر پردہ نہیں ڈال سکتی ۔ حکومت بجٹ میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے ۔ سراج الحق نے مزید کہاکہ وزیر خزانہ نے اعتراف کرلیا کہ ان کی حکومت تین برسوں میں تنخواہ دار اور غریب طبقہ کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی جبکہ آئندہ کے لیے وعدے وعید کیے گئے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں